وطن عزیز کی ترقی ٹیکس کلچر کو فروغ دیئے بنا ممکن نہیں،صوبائی وزیر حافظ ممتاز احمد

ہر ایک کو قانون کے مطابق اپنی قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے ٹیکس ادا کرنا ہوگا، وزیر حافظ ممتاز احمد غیر رجسٹرڈ اور ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کو ناکے لگا کرچیک کرنے و بند کرنے کے سخت احکامات جاری

بدھ 17 اکتوبر 2018 22:11

لاہور۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) وطن عزیز کی ترقی ٹیکس کلچر کو فروغ دیئے بنا ممکن نہیں، جب تک ٹیکسوں کی آ مدن میں اضافہ نہیں ہوگا تب تک عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے مالیاتی دبائو کا شکار رہیں گے، ہر ایک کو قانون کے مطابق اپنی قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے ٹیکس ادا کرنا ہوگا، ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ایکسائز ،ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنڑول پنجاب حافظ ممتاز احمد نے ڈائریکٹرز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، کانفرنس میں سیکرٹری ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنڑول بابر شفیع ، ڈی جی، ٹیکسیشن اینڈ ٹیکسیشن پنجاب محمد اکرم اشرف گوندل ، ایڈیشنل ڈی جی مسعودالحق سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے، اس اجلاس میں لاہور ریجن اے ، بی، سی، فیصل آباد اور راولپنڈی ڈویژن کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اکرم اشرف گوندل نے پنجاب میں ٹیکس ریونیو کی مجموعی صورت حال کے بارے وزیر برائے ایکسائز ،ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنڑول پنجاب حافظ ممتاز احمد کو تفصیل سے بتایا، بعدازاں ڈائریکٹرز نے اپنی اپنی ریجن کے متعلق بریفنگ دی اور اپنے اہداف بتائے،صوبائی وزیر حافظ ممتاز احمد نے کہا کہ اگر اب بھی ٹیکس دینے کی استعداد رکھنے والے افراد اور ادارے ملکی ترقی میں اپنا حصہ نہیں ڈالیں گے تو معیشت کو تباہی سے بچانا مشکل سے مشکل تر ہوتا جائیگا اس صورت حال کو ختم ہونا چاہئے، صوبائی وزیر نے ڈائریکٹرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر ریجن اپنی اپنی کارکردگی کی رپورٹ ہفتہ وار دیں، ٹیکس وصولی میں کرپشن کو بالکل برداشت نہیں کیا جائیگا، کرپشن کرنے والوں کی محکمے میںکوئی جگہ نہیں ہے، E-Paymentکے نظام پر کام جاری ہے جس سے لوگ حکومت کو واجب الادا رقم آن لائن سسٹم کے تحت بآسانی ادا کر سکیں گے، صوبائی وزیر حافظ ممتاز احمد نے ڈائریکٹرز کو ریکوری کیلئے 20 دن کا ٹائم دیا اور انہیں 20 دنوں میں اپنی اپنی رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کئے، صوبائی وزیر نے غیر رجسٹرڈ اور ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کو ناکے لگا کرچیک کرنے اور بند کرنے کے سخت احکامات جاری کئے، انہوں نے کہا کہ ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کوچیک کرنے اور پکڑنے میں ضلعی و متعلقہ ٹریفک پولیس سے بھی تعاون لیا جائیگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں