شہبازشریف نے رائے ونڈ فارم کیلئے رنگ روڈ کا طے شدہ ڈیزائن خراب کیا، طارق بشیر چیمہ

رنگ روڈ پر چودھری پرویزالٰہی کی کوئی زمین نہیں،شریف برادران 10 سال تک ہمارے منصوبوں میں انکوائریاں کراتے رہے لیکن کچھ نہیں ملا، وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس

بدھ 17 اکتوبر 2018 23:27

شہبازشریف نے رائے ونڈ فارم کیلئے رنگ روڈ کا طے شدہ ڈیزائن خراب کیا، طارق بشیر چیمہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اکتوبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ شہبازشریف نے اپنے رائے ونڈ فارم کی زمینوں کی قیمت بڑھانے کیلئے لاہور رنگ روڈ کا طے شدہ ڈیزائن خراب کیا جبکہ رنگ روڈ پر چودھری پرویزالٰہی فیملی کی کوئی اراضی نہیں ہے بلکہ چودھری پرویزالٰہی نے بطور وزیراعلیٰ کوشش کر کے پاک فوج سے اس کی بیرکس کو رنگ روڈ میں شامل کرنے کیلئے حاصل کیا جس رقبہ کا کوئی معاوضہ بھی فوج نے نہیں لیا تھا۔

میاں شہبازشریف کے رنگ روڈ کے بارے میں بے بنیاد اور جھوٹے الزامات کے حوالہ سے طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ شہبازشریف اور ان کے بڑے بھائی نوازشریف اپنی حکومت کے 10 سال میں چودھری پرویزالٰہی دور کے ہر منصوبہ میں انکوائریاں کراتے رہے لیکن انہیں کچھ نہیں ملا جبکہ ان کے اپنے ہر منصوبہ میں کک بیکس اور کرپشن ہے، انہیں چاہئے کہ وہ شریف فیملی کے چہرے پر لگے کرپشن کے کیچڑ کو دوسروں پر نہ اچھالیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پرویزالٰہی حکومت نے رنگ روڈ کے منصوبہ کا 65 فیصد کام بے شمار مشکلات کے باوجود 5 سال میں مکمل کیا تھا لیکن شہبازشریف نے توسیعی منصوبہ پر 10 سال لگا دئیے اور بار بار ڈیزائن بدلتے رہے جبکہ مسلم لیگی حکومت نے رنگ روڈ میں آنے والی زمین کے مالکان کو بروقت ادائیگیاں کیں اور باقاعدہ قانون سازی کے بعد منصوبے کا آغاز کیا گیا اور ہماری حکومت کے دیگر منصوبوں کی طرح رنگ روڈ منصوبہ میں بھی شفافیت اور عوامی مفاد کو ترجیح دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی دور کے کسی منصوبے میں کرپشن نہیں ہوئی جبکہ شہبازشریف کے ہر منصوبے میں کرپشن کے ریکارڈ قائم ہوئے اور یہی وجہ ہے کہ وہ آج نیب کی جیل میں ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں