پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کے زیراہتمام مرد و خواتین کاسکواش ٹورنامنٹ 2018ء طیب اسلم اور ملیسا ایلوس نے جیت لیا

جمعرات 18 اکتوبر 2018 01:10

لاہور۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کے زیراہتمام مرد و خواتین کاسکواش ٹورنامنٹ 2018ء طیب اسلم اور ملیسا ایلوس نے جیت لیا۔ مردوں کے فائنل میں طیب اسلم نے انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد ملائیشیا ایون یون کو 3-2 سے ہرا کر ٹائٹل جیتا۔ تفصیلات کے مطابق دونوں فائنلز دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود تھی۔

اس موقع پر فلیٹیز ہوٹل کے ڈائریکٹر آپریشنز ارشاد بی انجم، بحریہ ٹاؤن سے امبر ریاض ملک،ملائیشین ہائی کمشنر اکرام بن ابراہیم، وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور، وزیر فوڈ سمیع خان، سکواش لیجنڈ جہانگیر خان، پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری طاہر سلطان، پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر ندیم مختار، سیکرٹری شیراز سلیم، خزانچی طارق صدیق ملک، نائب صدر طارق فاروق رانا، لاہور کی بزنس مین کمیونٹی، سکواش سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

ایون یون نے پہلی گیم جیتی جبکہ طیب اسلم نے دوسری گیم جیتی،تیسری گیم ایون یون نے جیتی جبکہ چوتھے اور پانچویں گیم طیب اسلم نے جیت کر میچ اپنے نام کیا۔ اس موقع پر لوگوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ ادھر خواتین کے فائنل میں فرانس کی ملیسیا ایلوس نے مصر کی فریدہ محمد کو 11/2, 11/7, 5/11, 12/10 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ دونوں خواتین کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا۔

فائنل جیتنے کے بعد ملیسا کا کہنا تھا کہ پہلی بار پاکستان آئی ہوں اور یہاں آکر اچھا لگا ہے۔ شکریہ لاہور، شکریہ پاکستان دوبارہ آؤں گی۔ فائنل جیتنے کے بعد طیب اسلم کا کہنا تھا کہ بہت زیادہ خوش ہوں کہ اپنے شہر میں ایک انٹرنیشنل ٹورنامنٹ جیتا۔ اختتام پر صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور، جہانگیر خان اور ارشاد بی انجم نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں