لیسکو چیف نے حبیب جالب کی صاحبزادی کو بجلی کا 75 ہزار روپے بل بھیجنے کے معاملے کا نوٹس لے لیا

متعلقہ ایس ڈی او تفصیلات سمیت طلب ،معاملے کی شفاف تحقیقات ،خاتون کو ہر ممکن سہولت دی جائیگی‘مجاہد پرویز چٹھہ

جمعرات 18 اکتوبر 2018 16:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)کے چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے معروف انقلابی شاعر حبیب جالب کی صاحبزادی طاہرہ حبیب جالب کو 75 ہزار روپے کا بجلی کا بل بھیجنے کا نوٹس لیکر متعلقہ ایس ڈی او کو تفصیلات سمیت طلب کرلیا۔ترجمان لیسکو کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ کا کہنا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں گی اور خاتون کو ہر ممکن سہولت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ حبیب جالب کی صاحبزادی طاہرہ حبیب جالب کو لیسکو کی جانب سے 75 ہزار روپے کا بجلی کا بل بھیجے جانے کی رپورٹس سامنے آئی تھیں۔حبیب جالب کی صاحبزادی لاہور کے علاقے وحدت روڈ پر مصطفی ٹائن میں ڈھائی مرلے کے سنگل سٹوری مکان میں اپنی دو بہنوں اور ان کے بچوں کے ہمراہ رہائش پذیر ہیں۔طاہرہ حبیب آن لائن ٹیکسی سروس ’’کریم‘‘کے ساتھ بحیثیت ڈرائیور منسلک ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ خاندان کی واحد کفیل ہیں اور گھر چلانے کے لیے ٹیکسی چلاتی ہیں، جو انہوں نے بینک سے قسطوں پر لے رکھی ہے۔طاہرہ حبیب جالب کا کہنا ہے کہ حکمران اپنی تقریروں میں ان کے والد کے کلام کا حوالہ تو دیتے ہیں مگر ان کی آل اولاد کی پریشانیوں کا نوٹس نہیں لیتے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں