ضلعی انتظامیہ نے شہر کے مختلف مقامات پر مسافر خانے بنانے پر کام کا آغاز کر دیا

جمعرات 18 اکتوبر 2018 20:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ لاہور نے دیگر اداروں کے ساتھ ملکر لاہور شہر کے مختلف مقامات پر مسافر خانے بنانے پر باقاعدہ طور پر کام کا آغاز کر دیا ہے اور اس ضمن میں جگہوں کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ مسافر خانوں کی ورکنگ پیپرز کی تیاری پر کام تیزی سے جاری ہے۔

اس ضمن میں ایک اہم اجلاس ڈی سی لاہور کیپٹن(ر) انوار الحق کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں ایل ڈی اے ، اوقاف، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے ساتھ ملکر داتا دربار، سبزی و فروٹ منڈی بادامی باغ، ریلوے اسٹیشن اور لاری اڈہ کے قریب مسافر خانے بنانے کے لیے اسٹیٹ لینڈ کی نشاندہی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

دس مرلہ اور ایک کنال تک مسافر خانے بنائے جائیں گے جبکہ ٹھو کر پر مسافر خانہ بنانے کے لیے اے سی ماڈل ٹائون کو جگہ کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ڈی سی لاہور کیپٹن(ر) انوارالحق نے کہا ہے کہ تمام قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کے بعد مسافر خانوں کی تعمیر پر فوری کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسافر خانوں کے قیام سے بادامی باغ سبز منڈی ، ریلوے اسٹیشن ، لاری اڈہ اور داتا دربار پر آنے والوں اور دیگر لوگوں کو فائدہ ہو گا اور مسافر اس میں آسانی سے قیام کر سکیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں