لاہور،جعل سازی کا سرغنہ گروہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے شکنجے میں

معروف برانڈز کی جعلی لیبلنگ ،بوتلیں تیار کر نے والی فیکٹری، زائد المیعاد اشیاء کی موجودگی پر معروف ریسٹورنٹ سیل مٹھائی کی تیاری میں مصنوعی فلیورز،کھلے رنگوں کے استعمال،گندے اور بد بودار ماحول کی بناء پرسویٹس اینڈ بیکرز سر بمہر

جمعرات 18 اکتوبر 2018 20:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2018ء) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے جعل ساز اور ناقص اشیائے خورونوش فروخت کر نے والوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہو ئے جعلی لیبلنگ والی بوتلیں بنانے والی فیکٹری اور 2فوڈ پوائنٹس کو سر بمہر کر دیا۔بھاری مقدار میں جعلی بوتلیں اور دیگر اشیاء تلف کر دی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے جعل سازی کا سرغنہ گروہ شکنجے میںکًس لیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق ابوبکر کالونی بند روڈ پر چیکنگ کے دوران مختلف برانڈز کی جعلی لیبلنگ والی بوتلیں تیار کر نے والا پروڈکشن یونٹ سربمہرکر دیا۔فیکٹری میں نان فوڈ گریڈ میڑیل سے تیارشدہ میٹریل جعلی بوتلوں کا دھندہ کرنے والوں کو سپلائی کیا جاتا تھا۔

(جاری ہے)

غیر معیاری اشیائے خورونوش تیار کرنے والوں کے لیے معروف کمپنیوں کی لیبلنگ کی نقل بھی بنائی جا تی تھی۔کیپٹن (ر)محمد عثمان نے بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی ویجیلینس سیل نے مارکیٹ سے جعلی لیبل پکڑ کر سپلائی نیٹ ورک کا سراغ لگایا ۔مزید برآںایم ایم عالم روڈ پر ٹسکنی کورٹ یارڈ ریسٹورنٹ کو زائدالمیعاد بریڈ، آئس کریم کی موجودگی ،کولڈ سٹور میں پانی کھڑا رہنے اور صفائی کے ناقص انتظامات پر سیل کیا گیا۔

رحمان پورہ میں لیاقت سویٹس اینڈ بیکرزکو مٹھائی کی تیاری میںکھلے رنگوں، مضر صحت کیمیکلز، مصنوئی فلیورز کے استعمال، ملازمین کے میڈیکلز کی عدم دستیابی،گندے اور بد بودار ماحول کی بناء پر سر بمہر کیا گیا۔علاوہ ازیں 2 ہزار تیار پلاسٹک بوتلیں، بھاری مقدار میں جعلی لیبلز، لیبلنگ اور بوتلیں بنانے والی مشینیں ضبط کر لی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ صحت دشمن عناصرجہاں بھی ہوں پنجاب فوڈ اتھارٹی سے بچ نہیں سکتے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں