پیر معصوم نقوی ، فائزہ نقوی کا قصور کی زینب کے قاتل عمران کو پھانسی پر اظہار مسرت

عدالتوں میںزیر التوا ایسے مقدمات کے تیز ٹرائل کا مطالبہ، مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ

جمعرات 18 اکتوبر 2018 21:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2018ء) جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہل سنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی اور جے یو پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سیدہ فائزہ نقوی نے قصور کی ننھی بچی زینب کے قاتل عمران کو پھانسی دینے کے اقدام پر اطمینا ن کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ عدالتوں میں زیر التوا ایسے ہی مقدمات کو بھی اسی رفتار کے ساتھ ٹرائیل مکمل کرکے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

(جاری ہے)

میڈیا سیل کی طرف سے جاری مشترکہ بیان میں انہوںنے کہا کہ قصور کا واقعہ دل دہلا دینے والا اور معاشرے کے لئے چشم کشا اور عبرتناک بھی ہے کہ درندے نے صرف زینب ہی نہیں ، متعدد معصوم بچیوں کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا اور انہیں قتل بھی کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور سکیورٹی ادارے اگر اپنی ذمہ داریاں اداکرتے تو قصور جیسے واقعات رونما نہ ہوتے مگر بدقسمتی سے ایسا ممکن نہیں ہوا۔جے یو پی کے رہنماوں نے کہا کہ پاکستان میں آئندہ نسلوں کے تحفظ کے لئے ضروری ہے کہ والدین کے ساتھ سکیورٹی ادارے بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں