حکومت نے آئی ایم ایف سے از سر نو رابطہ کر کے اپنے پائوں پر کلہاڑی ماری ہے‘لیاقت بلوچ

جمعرات 18 اکتوبر 2018 22:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ عمران حکومت نے آئی ایم ایف سے از سر نو رابطہ کر کے اپنے پائوں پر کلہاڑی ماری ہے، آئی ایم ایف کے سامنے کشکول پھیلانے سے فوجی آمریتوں اور نااہل ناکام سول حکمرانوں کا ہی تسلسل برقرار رکھا گیا ۔بزنس کمیونٹی کے رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ ماضی میں مجموعی طور پر آئی ایم ایف سے مشرف دور میں تمام قرضوں سے جان چھڑا لی گئی تھی اس کے بعد آئی ایم ایف کی زنجیریں پہن لی گئی ہیں اور اب پھر اربوں ڈالر قوم پر لاد دیا گیاہے۔

نئے قرضے ، ریلیف پیکیج اور ڈالر کی قدر بڑھنے سے یہ حجم 75 ارب ڈالر تک ہو جائے گا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ عمران خان پاپولر لیڈر ہیں لیکن بدقسمتی سے انہوںنے تبدیلی کے لیے نئی ٹیم کی بجائے آزمودہ کار ، نااہل ، کرپٹ اور ہر حکومت کے مہروں پر انحصار کیا ہے ۔

(جاری ہے)

پنجاب اور کے پی کے میں حکومت افراتفری کا شکار ہے جس وجہ سے عوام کے مسائل و مشکلات بڑھتی جارہی ہیں ۔وزراء ، ممبران اسمبلی، حکومت کے درمیان بڑھتا تنائو عوام کے لیے مشکلات کا باعث بن گیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان جس قدر جلد وزراء کی آگ اگلتی زبانوں کو کنٹرول کرلیں گے اس میں حکومت کے لیے خیر ہوگی وگرنہ مہنگائی ، سٹریٹ کرائم ،بد انتظامی و انارکی پیدا کردے گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں