لاہور ڈویژن میں ساڑھے بیس ارب روپے مالیت کی زمینیں واگزار کرائی جا چکی ہیں، کمشنر

جمعرات 18 اکتوبر 2018 23:13

لاہور۔18 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے کہا ہے کہ لاہور ڈویژن میں ساڑھے بیس ارب روپے مالیت کی زمینیں واگزار کرائی جا چکی ہیں،مجموعی طورپر اب تک 14525 کنال 19 مرلہ زمین واگزار کرائی جا چکی ہے، 446205 روپے جرمانہ،4405 وارننگ نوٹس جاری کئے گئے ہیں جبکہ 11478 عارضی اور 8989مستقل تجاوزات ختم کی جا چکی ہیں، بلا امتیاز و بلا تفریق آپریشن کو جاری رکھا جائے گا۔

کمشنر لاہور ڈویڑن ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے ان خیالات کا اظہار صاف و سبز پاکستان کے حوالے سے منعقدہ اعلی سطح کے اجلاس میں کیا، انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے انسداد تجاوزات سیل تشکیل دے دیا ہے اور تمام ڈی سی سرکاری زمینوں کا ڈیٹا بیس مرتب کریں۔ تمام ضلعی محکمے ان کے تحت سرکاری زمینوں کی تفصیل تیار کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ واگزار زمینوں کو گوگل میپ و دیگر طریقوں سے محفوظ بنایا جائے گا۔

کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے کہا کہ صاف و سبز پنجاب پروگرام کے تحت انسداد تجاوزات مہم میں چھانگا مانگا کے جنگل میں غیر قانونی طور پر قائم جانوروں کے 338 باڑوں کو ختم کر دیا گیا۔ باڑوں کو ختم کر کے 157 کنال 2 مرلہ سرکاری اراضی کو واگزار کرا لیا گیا ہے جن میں غیر قانونی طور پر 2155 گائے بھینسیں رکھی گئی تھیں۔کمشنر لاہور نے کہا کہ چھانگا مانگا جنگل میں غیر قانونی پر جانور چرانے کو بھی ختم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طور پر قائم باڑوں و چراگاہوں سے چھانگا مانگا کے جنگل کو شدید نقصان ہو رہا تھا۔ اجلاس میں ڈویژن کے تمام ڈی سی ز، محکمہ جنگلات، واسا، ایم سی ایل، پی ایچ اے، ایل ڈی اے و دیگر محکموں کی افسران نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں