وزیر صحت نے ادویات خریداری کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی

جمعرات 18 اکتوبر 2018 23:53

لاہور۔18 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) وزیر صحت پنجاب پروفیسر ڈاکٹر یاسمین راشد نے صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی خریداری کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں پروکیورمنٹ سیل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ادویات کی خریداری ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کریں گی۔

تمام اضلاع میں ادویات کی خریداری کے اشتہار جاری کردیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر یاسمین راشد نے زور دے کر کہا کہ ادویات کے مقررہ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ اضلاع کو ادویات کے معیار کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں اورخریدی گئی ادویات کا لیبارٹری ٹیسٹ بھی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سرکاری ہسپتالوں میں ضروری ادویات کا کافی سٹاک موجود ہے۔ پنجاب کے نئے مالی سال کی بجٹ کی منظوری سے محکمہ صحت کے لئے مزید مالی وسائل بھی دستیاب ہوں گے۔ وزیر صحت نے ہدایت کی کہ صرف اچھی شہرت کی حامل ادویہ ساز کمپنیوں کو کنٹریکٹ جاری کیا جائے۔ ٹینڈر موصول ہونے کے بعد شفاف طریقے سے خریداری کا عمل مکمل کیا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں