انسٹیٹیوٹ آف اسلامک سٹڈیزمعاشرے میں مذہبی ہم آہنگی پیدا کرے گا، وی سی پروفیسر نیاز احمد

جمعرات 18 اکتوبر 2018 23:58

لاہور۔18 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف اسلامک سٹڈیز کے اساتذہ اور طلبہ پرزور دیا ہے کہ وہ سماجی و مذہبی اختلافات حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں،وہ پنجاب یونیورسٹی شیخ زائد اسلامک سنٹر کے قریب منعقدہ انسٹیٹیوٹ آف اسلامک سٹڈیز کی نئی عمارت کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر ڈین فیکیلٹی آف اسلامک سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر طاہر ہ بشارت ، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف اسلامک سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر سعد صدیقی، سینئر فیکیلٹی ممبران اور طلبائو طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف اسلامک سٹڈیز کے اساتذہ اور طلبہ سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمیں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں اپنے مسائل کا حل ڈھونڈنا چاہیے،انہوں نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف اسلامک سٹڈیزمعاشرے میں مذہبی ہم آہنگی پیدا کرے گا ، امن و برداشت کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے بحث و مباحثے منعقد کئے جانے چاہیے، انہوں نے کہا کہ شیخ زائد اسلامک سنٹر اور انسٹیٹیوٹ آف اسلامک سٹڈیز کو ملک کو درپیش چیلنجز کو حل کرنے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے، انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ ایسے ہر منصوبے کی مکمل معاونت کرے گی جوسماجی و اقتصادی اعتبار سے ملک وقوم کی فلاح کیلئے ہوگا، انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف اسلامک سٹڈیز میں سیر ت النبی ﷺ چیئر کے قیام کا اعلان بھی کیا، پروفیسر ڈاکٹر طاہرہ بشارت، پروفیسر ڈاکٹرسعد صدیقی و دیگر نے انسٹیٹیوٹ آف اسلامک سٹڈیز کی الگ عمارت قائم کرنے پر وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد کا شکریہ ادا کیا ،بعد ازاں وائس چانسلر نے نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں