محکمہ ایکسائز کے افسران اپنا قبلہ درست کر لیں وگرنہ کرپٹ عناصر کو نکال باہر کیا جائے گا‘حافظ ممتاز احمد

ایکسائز افسران 20 دنوں میں اپنے اہداف پورے کریں،عمران خان کے پاکستان میں ٹیکس چور کی کوئی گنجائش نہیں‘اجلاس سے خطاب

جمعہ 19 اکتوبر 2018 00:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر برائے ایکسائز ، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول حافظ ممتاز احمد نے کہا ہے کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں کرپٹ افراد کا قلع قمع کیا جائے گا اور کسی قسم کی محکمانہ بے ضابطگی ، کرپشن اور ٹیکسوں کی وصولی میں کسی قسم کی سستی و نااہلی کا مظاہرہ کرنے والے افراد کو محکمے میں رہنے نہیں دیا جائے گا۔

یہ بات انھوں نے آج یہاں اپنے دفتر میں فیصل آباد اور گوجرانوالہ ڈویژن کے ایکسائز ڈائریکٹرز کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ کانفرنس میں سیکریٹری ایکسائز ، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول بابر شفیع ، ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن محمد اکرم اشرف گوندل اور فیصل آباد اورگوجرانوالہ کے ڈائریکٹرز نے شرکت کی اور متعلقہ ڈویژن کے بارے صوبائی وزیر کو بتایا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر برائے ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول حافظ ممتاز احمد نے کمزور کارکردگی پر برہمی اور غصے کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی محصولات کی وصولی اور ریونیو اہداف کو پورا کرنے میں محکمہ ایکسائز کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز کے افسران اپنے علاقوں میں پراپرٹی ٹیکس اور دیگر صوبائی محصولات کی وصولی میں سرگرمی دکھائیں۔

ٹیکسوں کی وصولی میں کسی قسم کی سستی ہرگز قبول نہیں اور ایسے افسران کو نشان عبرت بنا دیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں ہر شخص اپنا ٹیکس دے گا اور اس طرح پاکستان کو مضبوط اور خوشحال بنانے میں مدد ملے گی۔ انھوں نے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن اور گوجرانوالہ میں ٹیکسوں کی وصولی کے نظام میں خامیوں کو دور کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی فرد یا ادارہ ٹیکسوں کی ادائیگی سے بچنے نہ پائے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹیکس کی ادائیگی ایک جمہوری پاکستان کی پہچان ہے اور وزیر اعظم عمران خان کا نئے پاکستان کا خواب تبھی پورا ہو گا جب محکمانہ کرپشن بند ہو گی اور ٹیکسوں سے حاصل شدہ آمدن کو عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر برائے ایکسائز ، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول حافظ ممتاز احمد نے شرکاء کو خبر دار کیا کہ وہ اپنے معاملات ٹھیک کر لیں کیونکہ محکمانہ کارکردگی کا گراف باعث اطمینان نہیں۔

صوبائی وزیر نے ایکسائز افسران سے برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ میں آپ سب کو ایک بار پھر خبردار کرتا ہوں کہ آپ 20دن کے اندر ٹیکسوں کی وصولی کے حوالے سے نظام کو شفاف بنائیں اور اپنے اہداف حاصل کریں ورنہ ڈویژنل ڈائریکٹرز کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں