بلدیہ عظمیٰ لاہور کا 22واں اجلاس سپیکر رائو شہاب الدین کی زیرصدارت جناح ہال میں منعقد ہوا

ترقیاتی کاموں کو جاری رکھنے کیلئے جلد از جلد فنڈز مہیا کئے جائیں بلدیاتی اداروں کو ختم نہیں ہونے دینگے ‘لارڈمیئر کرنل ( ر) مبشر جاوید

جمعہ 19 اکتوبر 2018 00:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) بلدیہ عظمیٰ لاہور کا 22واں اجلاس ڈپٹی میئر /سپیکر رائو شہاب الدین کی زیرصدارت جناح ہال میں منعقد ہوا ۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں سابقہ اجلاس کی توثیق بھی ہوئی۔اجلاس میں بلدیاتی ادا روں کو پنجاب حکومت کی طرف سے مقررہ مدت سے پہلے ختم کرنے کے اقدام پر ممبران کا لائحہ عمل طے کرنے کے بارے میں غوروخوض ہوا۔

نیزاجلاس میں قرار داد یں بھی پیش کی گئیں جنہیں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ۔ چیئرمین یونین کونسل 265مانگا اوتاڑ طارق بٹ نے قرارداد پیش کی کہ 110کنال اراضی پر جن لوگوں نے قبضہ کیا ہوا تھا ، اس کو واگزار کروا لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اب اس جگہ کو آئندہ کیلئے قبضہ مافیا سے بچانے کے لئے نشاندہی کروا کے پلرز لگا دئیے جائیں ۔ قرارداد پر عمل کرتے ہوئے سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کر دی جائے ۔

چیئرمین یونین کونسل 236 گرین ٹائون چوہدری تنویر نثار گجر اپنے بھائی کی وفات کی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہ کر سکے ۔چیئرمین یونین کونسل نمبر 159غازی آباد ملک عرفان نے قرارداد پیش کی جس میں انہوں نے کہا کہ نادرا CRMSسکیورٹی پیپر ہے جو کہ ہر یونین کونسل میں برتھ ، ڈیتھ ، میر ج ، طلاق کے لئے استعمال ہوتا ہے اوریہی پیپر اوور سیز پاکستان اور دیگر ممالک کی ایمبیسیز میں تصدیق کیلئے پیش کیا جاتا ہے لیکن جو پیپر اب جاری کئے گئے ہیں وہ انتہائی ناقص ہیں ۔

تاہم نادرا کا پرانا پیپر جاری کیا جائے ۔چیئرمین یونین کونسل 114جوہر ٹائون چوہدری اظہر حسین نے قرارداد پیش کی جس میں انہوں نے بتایا کہ میری یونین کونسل میں کسی ڈینگی سکواڈ نے رابطہ نہ کیا ہے اور نہ ہی کبھی کوئی سپرے یا دوائی ڈالی گئی ہے نیز ویکسی نیشن کا عملہ بھی نہیں آیا ۔ اجلاس میں مذکورہ قرارداد کو بھی منظور کر لیا گیا ۔چیئرمین یونین کونسل نمبر 242اٹاری سروبا ، چوہدری عبدالحمید خان میو نے بھی قرارداد پیش کی جس میں انہوںنے کہا کہ اشٹام فروش 300روپے کا اشٹام فروخت کرتے ہیں جو کہ سائل پر ایک بوجھ ہے ۔

اس اشٹام کو فوری طور پر ختم کیا جائے تاکہ سائل کو کافی حد تک ریلیف مل سکے ۔چیئرمین یونین کونسل نمبر 139داروغہ والا میاںشفقت علی امجد نے قراردادپیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ راجباہ روڈ داروغہ والا جو کہ تقریباً 4سے 5یونین کونسل کولنک کرتی ہے یونین کونسل 139,140,141,142، اس سڑک کی حالت زار میری یونین کونسل نادیہ گھی مل سے لے کر زیتون کالونی شالیمار ہائوسنگ سکیم تک انتہائی خستہ اور چلنے تک کے قابل نہ ہے اس کی درمیانی گرین بیلٹ میں لگے پودے بھی برباد ہو چکے ہیں ۔

اس سلسلے میں انہوں نے اپنی یونین کونسل میں سڑک کی تعمیر کی منظوری کی قرارداد پیش کی جسے منظور کر لیا گیا ۔چیئرمین یونین کونسل نمبر 92چوہدری محمد طارق نے کہا کہ معزز عدالتیں ضلع کی ڈگری جاری کر رہی ہیں ۔ اس کے بعد وہ ڈگری یونین کونسل میں سرٹیفیکیٹ جاری کرنے کے لئے آتی ہیں ۔ تجویز ہے کہ معزز عدالتیں خلع کا کیس سننے سے پہلے متعلقہ چیئرمین کو کیس ریفر کریں تاکہ فریقین کی صلح کروائی جاسکے ۔

اجلاس کے اختتام پر میئر لاہور کرنل ( ر) مبشر جاوید نے معزز اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سے گزارش کروں گا کہ ہمیں ترقیاتی کاموں کو جاری رکھنے کے لئے جلد از جلد فنڈز مہیا کئے جائیں نیز انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو ختم نہیں ہونے دیں گے اگر ایسا ہوا تو ہم چیف جسٹس آف پاکستان سے التجاکریں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں