وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم اراضی سینٹرز کی تعدادبڑھانے کی منظور ی دے دی

صوبہ کے دوردراز علاقوں کے عوام کی سہولت کیلئی20موبائل وین اراضی سینٹرز بھی قائم ہوں گے

جمعہ 19 اکتوبر 2018 20:40

لاہور۔19 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے صوبہ بھر میں لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم اراضی سینٹرز کی تعداد بڑھانے کی منظوری دے دی،وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کے اجلاس میں لینڈ ریکارڈمینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے تحت اراضی سینٹرز کی تعداد میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے صوبے میں اراضی سینٹرز کی تعداد میں اضافے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ مرحلہ وار پروگرام کے تحت اراضی سینٹرز کے دائرہ کار کو قانونگوئی تک بڑھایا جائے گا۔پہلے مرحلے میں قانونگوئی کی سطح پر 102نئے اراضی سینٹرزقائم کیے جائیں گے۔ 20موبائل وین خرید کرانہیں موبائل اراضی سینٹرزمیں تبدیل کرنے کابھی فیصلہ کیاگیاہے۔

(جاری ہے)

موبائل وین اراضی سینٹر ز کو عوام کی ضروریات کے مطابق دوردرازعلاقوں میں بھیجا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نئے اراضی سینٹرزکیلئے جگہ کی نشاندہی کیلئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔نئے سینٹرزبنانے کیلئے تیزی سے کام کیا جائے۔یہ پروگرام عام آدمی کوسہولتیں فراہم کرے گا۔اراضی سینٹرزکی تعداد میں اضافے سے عوام کو یقینی ریلیف ملے گا۔وزیراعلیٰ نے موبائل وینز کی خریداری اورقیمت کے تعین کے حوالے سے ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ متعلقہ محکمے نئے سینٹرز کے قیام کیلئے کوئی کسراٹھانہ رکھیں۔صوبائی وزراء ملک محمد انور،ہاشم جواں بخت ،چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سیکرٹری خزانہ ،کمشنر لاہورڈویڑن اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں