سابق چیئرمین پنجاب لیکوڈیشن بورڈنذر محمد چوہان کے کنٹونمنٹ میں واقع کروڑوں روپے مالیت کے گھرپر قبضہ،, نذر محمد چوہان کا وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے گھر کی واگزاری کا مطالبہ

اتوار 21 اکتوبر 2018 16:50

ْ لاہور۔21 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2018ء) سابق چیئرمین پنجاب لیکوڈیشن بورڈ و پنجاب نجکاری بورڈ‘ سوشل میڈیا بلاگز کے معروف لکھاری نذر محمد چوہان کا ظہور آفریدی روڈ کنٹونمنٹ میں واقع کروڑوں روپے مالیت کا ملکیتی گھر قبضہ مافیا کے ہاتھوں چڑھ گیا‘ سابق بیورو کریٹ نذر محمد چوہان کا وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت دیگر ارباب اختیار سے گھر کی واگزاری کا مطالبہ‘ تفصیلات کے مطابق نذر محمد چوہان نے گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب کے آفس میں واقع پنجاب اوورسیز کمیشن و چیف سیکرٹری پنجاب کو اپنے امریکی گرین کارڈ کے ہمراہ قبضہ مافیا کیخلاف شکایت درج کروائی ہے جس میں انہوں نے الزام لگایا ہے کہ عائشہ نامی خاتون نے اپنے شوہر اختر بھٹی کے ساتھ مل کران کے وراثتی گھر 6-E ظہور آفریدی روڈ لاہور کنٹونمنٹ میں واقع گھر پر قبضہ کرلیا ہے اور اسے بطور گیسٹ ہائوس چلانا شروع کر دیا ہے‘ امریکی شہری نذر محمد چوہان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کودی جانیوالی درخواست میں کہا ہے کہ وہ گھر کی واگزاری کے سلسلہ میں متعدد درخواستیں دے چکے ہیں تاہم اب تک کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاسکی‘ انہوں نے کہا کہ وہ پچھلے ڈیڑھ سال سے اپنی فیملی کے ساتھ ا مریکہ میں مقیم ہیں اور ان کی غیر موجودگی میں ان کے آبائی گھر پر قبضہ کرلیا گیا ہے‘ انہوں نے کہا کہ حیرانگی کی بات یہ ہے کہ اگر لاہور کینٹ میں 10 کروڑ مالیت کے گھر پر باآسانی قبضہ کیا جاسکتا ہے محض یہ جان کر کہ بندہ بیرون ملک بیٹھا ہے تو پھر اس ملک کا اللہ ہی حافظ ہے‘گرین کارڈ ہولڈر امریکی شہری نذر محمد چوہان نے وزیر اعظم عمران خان‘ چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے درخواست کی ہے کہ ان کے وراثتی گھر کو واگزار کروایا جائے تاکہ اوورسیز پاکستانیوں کا اعتماد بحال ہو سکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں