موجودہ حکومت سے کاروباری برادری اور عوام کو بہت سی امیدیں وابستہ ہیں‘میاں ریاض

مقامی صنعتوں کی پیداواری لاگت بڑھانے اور معیشت کو مزید ابتری کی جانب لیجانے والے فیصلوں سے گریز کیا جائے

اتوار 21 اکتوبر 2018 18:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2018ء) داتا فلور ملزکے چیف ایگزیکٹو و سابق چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن میاں ریاض احمد نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت سے کاروباری برادری کو بہت سی امیدیں وابستہ ہیں ، مقامی صنعتوں کی پیداواری لاگت بڑھانے اور معیشت کو مزید ابتری کی جانب لیجانے والے فیصلوں سے گریز کیا جائے۔ مقامی انڈسٹری مہنگی ترین بجلی کی متحمل نہیں ہو سکتی ۔

اگر بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کیا گیا تو مہنگائی کی صورت میں عوام کو خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہی۔ میاں ریاض احمد نے کہاکہ حکومت کو چاہیے کہ وہ غریب آدمی کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول آسان بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اپنے حالیہ کئے گئے فیصلوں پر نظر ثانی کرے۔

(جاری ہے)

عوام کو موجودہ حکومت سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں تاہم حکومت کی جانب سے کئے گئے حالیہ فیصلوں کی وجہ سے عوامی حلقوں میں مایوسی جنم لینے لگی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنی اقتصادی اور معاشی پالیسیوں میں بہتری لائے اور ایسی پالیسیاں مرتب کی جائیں جن کی بدولت عام آدمی کے سر سے غربت اور مہنگائی کا بوجھ کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مقامی صنعتکاروں کو مہنگی ان پٹ ملے گی توپیداواری لاگت میں بھی اضافہ ہوگا جسکا بوجھ اینڈ یوزر ہونے کی وجہ سے صارفین کو ہی برداشت کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہاکہ مہنگائی اور غربت کی وجہ سے سفید پوش اور غریب طبقے کے مسائل میں بدترین اضافہ ہورہا ہے جس سے لوگوں میں ذہنی تناؤ بڑھنے کے ساتھ خود کشیوں اور جرائم کی شرح میں بھی شدید اضافہ ہو گا ،لہذا حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ خدارا مزید مہنگائی اور بیروزگاری بڑھنے سے روکنے کیلئے مقامی صنعتوں کو سستی توانائی اور ان پٹ فراہم کی جائیں تاکہ عوام تک روز مرہ کی اشیاء کی سستے داموں فراہمی ممکن ہو سکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں