سینئر وزیرکا مختلف علاقوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس اور ڈسپنسریوں کے قیام کا اعلان

حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد اور لوگوں کے مسائل کے فوری حل کیلئے سرکاری افسران کو فیلڈ میں نکلنا ہوگا زندگی کی بنیادی سہولتیں ہر شہری کا حق ہے جس کیلئے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی‘عبدالعلیم خان

اتوار 21 اکتوبر 2018 18:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2018ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد اور لوگوں کے مسائل کے فوری حل کیلئے سرکاری افسران کو فیلڈ میں نکلنا ہوگا ،زندگی کی بنیادی سہولتیں ہر شہری کا حق ہے جس کیلئے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔پبلک سیکرٹریٹ میں ہفتہ وار بیٹھک کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی نا اہلی اور بلدیاتی اداروں کو بے وسائل رکھنے کی وجہ سے شہریوں کے وسائل میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے جن کے حل کیلئے تیزی سے اقدامات برؤئے کار لائے جا رہے ہیں ۔

سینئر وزیر نے سیکرٹری ہیلتھ کو ٹیلی فون پر ہدایات دیں کہ 130بیڈ ز کے میاں میر ہسپتال کو مکمل طور پر فعال ادارہ بنایا جائے اور ایک ماہ کے اندر آؤٹ اور ان ڈور سمیت تمام شعبوں میں مریضوں کو بھرپور سہولیات فراہم کر کے انہیں رپورٹ پیش کی جائے ،عبدالعلیم خان نے اپنی جیب سے مختلف یونین کونسلوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس لگانے اور فری ڈسپنسریوں کے قیام کا اعلان کیا،انہوں نے کہا کہ لوگوں کے مسائل کے حل کے لئے فوری ایکشن ہو گا اور جائز شکایت دور کرنے میں کسی تاخیرپر سخت کاروائی ہو گی ،انہوں نے مختلف علاقوں میں شہری سہولتوں کے فقدان کا سخت نوٹس لیا اور متعلقہ حکام کو فوری ایکشن لینے کیلئے ہدایات جاری کیں ، سینئر وزیر نے عمائدین کی طرف سے سیوریج کی نا گفتہ بہ صورتحال ، قبرستان کیلئے جگہ کی فراہمی ،واٹر سپلائی کے مسائل ،گندے نالے کی صورتحال اور دیگر مسائل سنے ،انہوں نے ایک معذور خاتون کی داد رسی کی اور انہیں اپنے ہر ممکن تعاو ن کا یقین دلایا ۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر عبدالعلیم خان سے مختلف یونین کونسلوں سے حافظ فہد مغل ، رضوان رضی ، عدیل خان ، مبین کمبوہ ،شیخ عثمان ، طاہر الطاف،شاہد انجم ، رانا وحید ، منو گجر ،شیخ نفیس ، سید مشتاق ،منیر آفتاب بھٹی ،کاشف حفیظ،علی رشید ، شاہد سلہری ، شیخ عمران ،عمیر خان ، چوہدری وحید گجر ، روبینہ شاہین ،اقبال گجر ، مختار اعوا ن اور منیب وارث نے اپنی ٹیموں کے ہمراہ ملاقات کی جبکہ لاہور کینٹونمنٹ بورڈ کی وارڈ 1سے 5سے احسان بٹ ، استاد رشید ،ملک زمان ،رحمت گجر ، ماسٹر اشفاق اور راجہ شہزاد نے اپنے وفود کے ہمراہ عبدالعلیم خان کو اپنے علاقوں کے مسائل کے بارے میں بتایا ،سینئر وزیر عبدالعلیم خان پبلک سیکرٹریٹ میں 3گھنٹے سے زائد موجود رہے ،انہوں نے کہا کہ وہ ہر ہفتے باقاعدگی سے لوگوں کے مسائل سنیں گے اور انہیں جلد از جلد حل بھی کیا جا ئے گا ،انہوں نے کہا کہ یہ سیکرٹریٹ سوموار سے ہفتے تک صبح 10سے شام4بجے تک روزانہ عام آدمی کی مشکلات کے حل کیلئے کھلا ہوا ہے اور کسی بھی محکمے سے شکایت کو دور کرنے کیلئے کوشا ں رہے گا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں