تحریک انصاف کی حکومت اگر واقعی ملک میں تبدیلی لانا چاہتی ہے تو اسے اس تبدیلی کا آغاز تعلیم سے کرنا چاہیے‘مقررین

تعلیم کے ذریعے انسانی وسائل کو کار آمد بنا کر ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالا جا سکتا ہے،حکومت کو اپنی قومی پالیسی میں تعلیم کو اولیت دینی چاہیے اور تعلیم پر کم از کم جی،ڈی ، پی کا سات فیصد خرچ کیا جائے‘ڈاکٹر میاں محمد اکرم، ڈاکٹر حسین احمد پراچہ،ڈاکٹر سمیعہ راحیل قاضی سمیت دیگر کا پنجاب تعلیمی کانفرنس سے خطاب

اتوار 21 اکتوبر 2018 19:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2018ء) ایوانِ اقبال لاہور میں منعقد ہونے والی پنجاب تعلیمی کانفرنس میں صوبہ بھر کے ماہرین تعلیم اور سکالرز نے ترقی اور تبدیلی بذریعہ تعلیم کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے یکساں نظامِ تعلیم اور نصابِ تعلیم کو قومی یکجہتی کا واحد ذریعہ قرار دیاہے اور کہا کہ قوم کے بچوں کو تعلیم دیئے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے، تبدیلی کا واحد ذریعہ یہ ہے کہ تمام بچوں کو ایک ہی لیول کا سکول، کالج اور یونیورسٹی مہیا کی جائے کانفرنس میں معروف ماہرِ تعلیم ڈاکٹر میاں محمد اکرم، معروف کالم نگار ڈاکٹر حسین احمد پراچہ،ڈاکٹر سمیعہ راحیل قاضی، انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی سٹڈیز کے ڈائریکٹر خالد رحمن، اقبال اکیڈمی لاہور کے ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہر تنولی،تحریک نفاذ ِ اردو کے صدر پروفیسر رضوان الحق، پروفیسر را جلیل احمد، پروفیسر شفیق احمد صدر تنظیم اساتذہ، پروفیسر رانا اصغر علی اور پنجاب بھر کے سکولز اور کالجز کی ایسوسی ایشنز کے رہنماں ڈاکٹر زاہد شیخ، سید تنویر شاہ،حافظ عبدالناصر اور طارق محمود نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان میں قائم ہونے والی تحریک انصاف کی حکومت اگر واقعی ملک میں تبدیلی لانا چاہتی ہے تو اسے اس تبدیلی کا آغاز تعلیم سے کرنا چاہیے۔آج بین الاقوامی اور قومی منظر نامہ حکومتِ پاکستان سے یہ تقاضا کرتا ہے کہ وہ تبدیلی کا آغاز تعلیم سے کرے اور یکساں نظام تعلیم کے ذریعے بکھری ہوئی قوم کو ایک لڑی میں پرو کر ایک مضبوط قوم بنا دے۔

تعلیم کے ذریعے انسانی وسائل کو کار آمد بنا کر ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالا جا سکتا ہے۔ ماہرین نے کہا کہ تحریک انصاف کو اپنی قومی پالیسی میں تعلیم کو اولیت دینی چاہیے اور تعلیم پر کم از کم جی۔ ڈی ۔ پی کا سات فیصد خرچ کیا جائے۔ تعلیمی کانفرنس میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ پرائیویٹ سیکٹر نے تعلیم کو تجارت کا ذریعہ بنا لیا ہے۔

جس کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ تعلیم عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو رہی ہے۔ کانفرنس مطالبہ کرتی ہے کہ تعلیم ہر شہری کا بنیادی حق ہے حکومت اس کا یہ حق دلوانے میں مدد کرے۔ اقوامِ عالم اپنے شہریوں کو اعلی تعلیم کے زیور سے آراستہ کرکے ترقی کی منازل طے کر رہی ہیں۔ لہذا بڑے بڑے شہروں کے بڑے بڑے تعلیمی اداروں کے لیے ضابطہ اخلاق مقرر کیا جائے۔ کانفرنس میں پنجاب بھر کے سکولوں کالجوں اور یونیورسٹیوں کے 1200 سے زائد مرد و خواتین اساتذہ نے شرکت کی اور اس بات کا اظہار کیا کہ ایسی کانفرنسز کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔

کانفرنس کے آخر میں مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ ملک کے پانچوں صوبوں بشمول آزاد کشمیر میں یکساں نظام تعلیم رائج کیا جائے،ملک بھر کے پرائیوٹ اور گورنمنٹ سکولوں، کالجوں اور یونی ورسٹیوں کو پابند کیا جائے کہ وہ ایک ہی طرح کا نصاب پڑھائیں، اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق پاکستانی بچوں کو ان کی مادری اور قومی زبان میں تعلیم کا حق دیا جائے، یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق اور ترقی یافتہ اقوام کی پیروی کرتے ہوئے ملک بھر میں اردو ذریعہ تعلیم کا نفاذ کیا جائے۔

سی، ایس، ایس کا امتحان اردو میں لیا جائے۔ عدالتوں اور دفاترکی دفتری کاروائی قومی زبان میں یا اردو زبان میں کی جائے، ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے سکول اور کالجز کے اساتذہ کے مسائل کانفرنس میں پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیاکہ سکول ایجوکیشن میں غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والی این جی اوز کی مداخلت بند کی جائے، سکول ایجوکیشن میں پنجاب کے سکولوں میں 3000اساتذہ کی خالی اسامیاں فوری طور پر پر کی جائیں، پنجاب کے سکول اساتذہ کی ٹرانسفر پر پابندی فوری طور پر ہٹائی جائے، حکومت بعض سکولوں کو پرائیویٹ سیکٹر کے حوالے کر رہی ہے جس سے کمرشلزم کو مزید فروغ حاصل ہوگا لہذا اس پالیسی پر نظرثانی کی جائے، پنجاب کے 600سے زائد کالجوں میں تقریبا 6 ہزارلیکچررز کی اسامیہ خالی پڑی ہیں۔

ان اسامیوں پر فوری طور پر یونیورسٹیوں کے فارغ التحصیل نوجوانوں کو بھرتی کرکے طلبہ کو پہنچنے والے تعلیمی نقصان سے بچایا جائے، کالج اساتذہ کی پروموشنز کے عمل کو تیز کیا جائے اور اس کو ٹریننگ کے ساتھ وابستہ نہ کیا جائے اورکانٹریکٹ کالج اساتذہ کو ترقی کے دن سے مستقل کیا جائے اور ان کی تنخواہ سے ہونے والی کٹوٹی کو بند کیا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں