پنجاب فوڈ اتھارٹی کی صوبہ بھر میں ناشتہ پوائنٹس کی چیکنگ مہم جاری

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں لکشمی چوک، انار کلی، اندرون لاہور میں مختلف پوائنٹس کی چیکنگ،9فوڈ پوائنٹس کو جرمانے

اتوار 21 اکتوبر 2018 19:30

لاہور۔21 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2018ء) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈا تھارٹی کی ہدایات پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کی صوبہ بھر میں ناشتہ پوائنٹس کی چیکنگ مہم جاری ہے۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میںلاہور کے مختلف علاقوں میں چیکنگ کے دوران 2 معروف ناشتہ پوائنٹس سربمہر جبکہ متعدد کو جرمانے عائد کیے۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے لکشمی چوک، انار کلی اور اندرون لاہور میں مختلف پوائنٹس کی چیکنگ کی۔

حلوہ پوری بنانے والے معروف بٹ سوئیٹس کا پروڈکشن یونٹ اور شاہی مرغ چنے کو سیل کر دیا گیا۔ بٹ سویٹس کے پروڈکشن ایریا میں تعمیراتی کام بھی ساتھ جاری تھا۔شاہی مرغ چنے کی سابقہ دی گئی ہدایات پر عمل نہ کرنے اور صفائی کے ناقص انتظامات پر پروڈکشن ہنگامی طور پر بند کر دی گئی۔

(جاری ہے)

مزید برآں لکشمی چوک میں بٹ سوئیٹس، طوبا ریسٹورنٹس، منا دال چنے، الغنی، نوراللہ بونگ پائے جبکہ انار کلی میں گوگا نقیبیہ چنے، تایا لودھی، کراچی ناشتہ اور یاسر ناشتہ پوائنٹ کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف وریوں پر جرمانے عائد کیے گئے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میںتمام ناشتہ پوائنٹس کی ہفتہ وار چیکنگ کی جا رہی ہے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی چیکنگ مہم سے ناشتہ پوائنٹس کا معیار دن بدن بہتر ہو رہا ہے۔ایسے ناشتہ پوائنٹس جووارننگ نوٹس کے باوجود بہتری لانے میں کامیاب نہیں ہوتے انہیں سیل کیا جارہاہے۔ صوبہ بھر میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیمیں مختلف دنوں میں سرپرائز چیکنگ مہم چلاتی ہیں۔کیپٹن (ر) محمد عثمان کا مزید کہنا تھا کہ عوام میں ایک روایت کی طرح مقبول باہر کے ناشتے کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مستقل بنیادوں پر حالات ٹھیک رکھنے کے لیے باقاعدگی سے چیکنگ کا عمل دہرایا جائے گا۔صوبہ بھر میں صحت بخش او ر محفوظ خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں