آصف زرداری کاحکومت سے نجات حاصل کرنے کا بیان خوش آئند ،اپوزیشن کو مضبوط اتحاد بنا کر فی الفور آگے بڑھنا چاہیے ‘ مشاہد اللہ خان

موجودہ حکومت منتخب نہیں بلکہ غیر حقیقی اور زور زبردستی لائی ہوئی ہے اس لئے ان کے ہاتھ میں کچھ بھی نہیں ہے ‘ مرکزی رہنما (ن) لیگ

اتوار 21 اکتوبر 2018 19:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2018ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما مشاہد اللہ خان نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی جانب سے حکومت سے نجات حاصل کرنے کے بیان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کو فی الفور آگے بڑھنا چاہیے اور مضبوط اتحاد بنانا چاہیے ۔ آصف زرداری کی پریس کانفرنس پر اپنے رد عمل میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی نا اہلی بہت کم وقت میں سامنے آنے کی بات تو پاکستان کا بچہ بچہ کہہ رہا ہے اور آصف علی زرداری ان کی آواز بنے ہیں ۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ موجودہ حکومت کی جانب سے انتہائی بیدردی کے ساتھ ملک کے حالات خراب کئے جارہے ہیں اور معیشت کے ساتھ بد ترین سلوک کیا جارہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے تو بہت اچھے حالات میں ملک چھوڑا تھا اور اس وقت ساڑھے 18ارب ڈالر کے ذخائر موجود تھے جو آج 8ارب ڈالر رہے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

موجودہ حکمران کب تک جھوٹ بولیں گے ۔ یہ منتخب نہیں بلکہ غیر حقیقی اور زور زبردستی لائی ہوئی حکومت ہے اس لئے ان کے ہاتھ میں کچھ بھی نہیں ہے اور حکومت کو خود بھی یہ معلوم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بن گئی ہے اور پوری دنیا جانتی ہے کہ عام انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے اور ضمنی انتخابات کے نتائج نے بھی اس پر مہر ثبت کر دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مقابلے میں کوئی پارٹی یا غیر حقیقی حکومت زیادہ اہم نہیں ۔ جہاں تک آصف زرداری کی حکومت سے نجات حاصل کرنے کی بات ہے تو یہ انتہائی خوش آئند ہے ۔ اس پر اپوزیشن کو فی الفور آگے بڑھنا چاہیے اور ایک مضبوط اتحاد بنانا چاہیے ۔ ہم نے اس کے ساتھ سسٹم کو بھی قائم رکھنا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں