گیس کی قیمت میں ہو شربا اضافہ عوام پر مہنگائی کا خودکش حملہ ہے ‘ذکر اللہ مجاہد

حکومت مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کی بجائے غریبوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھین رہی ہے آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر روز مرہ کی استعمال میں آنے والی مصنوعات کی قیمتوں اضافہ کیا جا رہا ہے ‘امیر جماعت اسلامی لاہور

اتوار 21 اکتوبر 2018 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2018ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ گیس کی قیمت میں 450 فیصد سے زائد ہو شربا اضافہ عوام پر مہنگائی کا خود کش حملہ ہے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں ضلعی ذمہ داران کے اجلا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اجلاس میں نائب امراء جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم ، ضیاء الدین انصاری ، انجینئر خالد عثمان ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہو رانجینئر اخلاق احمد ، صدر الخدمت فاونڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد ، سیکرٹری اطلاعت جماعت اسلامی لاہور اے ڈی کاشف و دیگر ذمہ داران موجود شریک تھے۔

ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی پالیسیاں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے مہنگائی کا طوفان لا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ملک میں غریب مزدور طبقات کے لوگ مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے پہلے ہی پریشان تھے اب مزید گیس کی قیمت میں اضافے نے اس کی کمر توڑ دی ہے ۔ جس ملک کا مزدور خوشحال نہیں ہو گاوہ ملک کس طرح ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے ۔

گیس کی لوڈشیڈنگ سے صنعتوں کا پہیہ پہلے ہی جام تھا مزید قیمتیں بڑھنے سے صنعتیں بند جائیں گی اور ملک میںبے روزگاری میں اضافہ ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران حکومت روزگار کی فراہمی کی بجائے غریبوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ بھی چھین رہی ہے۔ذکر اللہ مجاہد نے عمران حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ہوش کے ناخن لیتے ہوئے اپنی عوام دشمن معاشی پالیسیوں کو درست کرے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے مثبت اقدامات کرتے ہوئے گیس کی قیمت میں 450فیصدسے زائد اضافے کو فی الفور واپس لے ورنہ عوام سٹرکوں پر نکل کر احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں