منہاج ویلفیئر لاہور کا موبائل کلینک اینڈ لیب منصوبہ اپنی مثال آپ ہے‘طاہر القادری

70لاکھ میں تیار ہونیوالی یہ موبائل میڈیکل لیب لاہور میں مہینے کے 30دن کام کرے گی سابق حکومت کا 5کروڑ میں تیار ہونیوالا موبائل ہسپتال ان کے رخصتی سے پہلے رخصت ہو گیا‘تقریب سے خطاب

اتوار 21 اکتوبر 2018 21:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2018ء) قائد تحریک منہاج القرآن سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ ملک کی نصف سے زیادہ آبادی کو صحت عامہ کی بنیادی سہولتیں میسر نہیں ہیں، غریب مریض کو ہسپتال داخل ہوتے وقت علاج نہیں ادویات کی پرچی ملتی ہے،،علاج دور کی بات غریب آدمی علاج کی تشخیص کے اخراجات برداشت کرنے کی سکت بھی نہیں رکھتا۔

منہاج ویلفیئر فائونڈیشن لاہور کے عہدیداروں نے جدید موبائل کلینک اینڈ لیب کے ماڈل منصوبے کو اپنی مدد آپ کے تحت مکمل کر کے ایک بڑی انسانی خدمت انجام دی ہے اس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج ویلفیئر فائونڈیشن لاہور کی طرف سے موبائل کلینک اینڈ لیب وین کی افتتاحی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

قائد تحریک منہاج القرآن کو بریفنگ دیتے ہوئے لاہور کے رہنمائوں انجینئر ثناء اللہ خان،حافظ غلام فرید ، اشتیاق حنیف مغل،چوہدری افضل گجر،حاجی فرخ،آمنہ بتول نے بتایا کہ موبائل میڈیکل وین کا یہ منصوبہ 70لاکھ روپے میں مکمل ہوا ہے اور یہ ساری رقم اپنی مددآپ کے تحت جمع کی گئی ،یہ موبائل وین لاہور کے 30صوبائی حلقوں میں ہروز جدید ٹیسٹوں کی سہولت مہیا کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ موبائل میڈیکل وین میںہر قسم کے بلڈ ٹیسٹ کی جدید سہولیات دستیاب ہوںگی۔منہاج ویلفیئر فائونڈیشن لاہور کے ناظم ثناء اللہ خان نے موبائل ہسپتال کے حوالے سے مزید بتایا کہ یہ موبائل میڈیکل وین’’ نو لاس نو پرافٹ ‘‘کی بنیاد پر 30دن کام کرے گی۔یہ غریب لوگوں کو انکے گھر کی دہلیز پر علاج اور ٹیسٹوں کی سہولتیں دینے کی سوچ سے منصوبہ بنایا گیا ہے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے جملہ عہدیداروں اور اس منصوبے کے ڈونرز کو مبارکباد دی انہوں نے کہاکہ بیمار کی بیمار پرسی اور اسے علاج میں مدد دینا ایک اعلیٰ عبادت اور انسانی خدمت ہے،ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ میرے علم میں لایا گیا ہے کہ پنجاب کی سابق حکومت نے ایسا ہی ایک موبائل میڈیکل یونٹ 5کروڑ روپے کی لاگت سے بنایا تھا اور منہاج ویلفیئر فائونڈیشن لاہور کا موبائل یونٹ 70لاکھ میں تیار ہوا ہے ،کاش انسانی زندگیوں کو بچانے کے عمل میں پیسے کی حرص اور ہوس کو الگ رکھا جاتا۔

انہوں نے کہاکہ انسانی صحت کے معاملے میں بھی قومی وسائل پر ہاتھ صاف کرنیوالے دہشتگردوں سے بد تر ہیں۔انہوں نے کہاکہ سابق حکومت کا موبائل ہسپتال منصوبہ انکی رخصتی سے پہلے ہی رخصت ہو گیا تھا انشا اللہ تعالیٰ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کا یہ منصوبہ قومی خزانے کی ایک پائی لئے بغیر چلے گا۔انہوں نے مزید کہاکہ موجودہ حکومت ادویات اور علاج معالجہ کیلئے مختص کی گئی رقم 100فی صد غریب مریض تک پہنچانے کا بندوبست کر لے تو یہ اسکی ایک بڑی انسانی خدمت اور کامیابی ہوگی کیونکہ کسی بھی مد میں رکھے گئے 100روپے کا محض 50فی صد حق دار تک پہنچ پاتا ہے،وسائل کی لیکج روکنا ہی گڈ گورننس ہے،انہوں نے کہاکہ ہسپتالوں میں پرچی سسٹم کا خاتمہ ہونا چاہیے۔

اس موقع پر خرم نواز گنڈا پور،رفیق نجم ،نور اللہ صدیقی ،سید امجد علی شاہ و دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں