با با گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات کیلئے تیاریاں جاری

پیر 22 اکتوبر 2018 15:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2018ء) با با گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات کے لیے تمام تر انتظامات کی تیاریاں جاری ہیں ۔سیکرٹری بورڈ محمد طارق وزیر کے احکامات پر بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں کا واہگہ ریلوے سٹیشن پر استقبال کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ۔اس مرتبہ پہلے سے بہتر فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں ۔

یاتریوں کی سفری سہولیات کے لیے ٹرانسپورٹ ،کھانے پینے رہائش کے لیے بہترین انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ۔ آنے والے یاتریوں کو استقبال کے موقع پر پھولوں کے گلدستے پیش کیے جائیں گے ۔پی آر اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے مطابق سکھ یاتریوں کے پاکستان میں 10روز ہ دورہ کا شیڈول کے مطابق 21نومبر کو سپیشل ٹرین کے ذریعے واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آئیں گے اور گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں قیام کریں گے ننکانہ صاحب میں قیام کے دوران 22نومبر کو گورو دوارہ سچا سودا فاروق آباد یاترا کے بعد واپس جنم استھان ننکانہ صاحب قیام کریں گے ۔

(جاری ہے)

مرکزی تقریب 23نومبر کو جنم استھا ن میں ہو گی ۔سکھ یاتری 24نومبر کو بذریعہ سپیشل ٹرین گورو دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال جائیں گے اور ایک روز قیام کے بعد 26نومبر کو گورو دورہ ڈیرہ صاحب لاہورآئیں گے ایک روز قیام کے بعد 28نومبر کو یاتر ی گورو دوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد اور گورو دوارہ دربار صاحب کرتار پور نارووال کا دورہ کریں گے اور واپس لاہور آئیں گے سکھ یاتری30نومبر کوسپیشل ٹرین کے ذریعے واپس بھارت چلے جائیں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں