عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اراضی ریکارڈ سینٹرز کی تعداد میں اضافہ ناگزیر تھا،ملک محمد انور

پیر 22 اکتوبر 2018 20:36

لاہور۔22 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر مال ملک محمد انور نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں اراضی ریکارڈ سینٹرز کی تعداد میں اضافہ ناگزیر تھاکیونکہ عوام کی بڑی تعداد کو مسائل درپیش تھے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے محکمہ مال کی جانب سے ایک تجویز بھجوائی گئی تھی ،جسکو وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں سراہا اور منظوری دی، اس احسن اقدام پر وزیراعلیٰ پنجاب کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے عوامی منصوبہ پر خصوصی دلچسپی دکھاتے ہوئے فوری منظوری دی۔

انہوں نے یہ بات پیر کوصوبائی وزیر نے ڈی جی لینڈ ریکارڈ رائو محمد اسلم سے ملاقات کے دوران کہی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نئے مراکز کو مرحلہ وار کونگوئی سطح تک لے جایا جائیگا اور پہلے مرحلے میں 102 نئے اراضی ریکارڈ سینٹرز قائم کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 20نئی موبائل وینز بھی اس مقصد کیلئے استعمال کی جائیں گی تاکہ دور دراز میں بسنے والے لوگوں کو سہولت پہنچائی جا سکے،ڈی جی راؤ اسلم نے صوبائی وزیر سے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی تھی کہ نئے اراضی ریکارڈ سینٹرز کی تعمیر کے حوالے سے زمین کی شناخت اور موبائل وین کی خریداری وغیرہ کے معاملات کو جلد حل کر نے کیلئے ایک تکنیکی کمیٹی تشکیل دی جائے ،صوبائی وزیر ملک انور نے ڈی جی لینڈ ریکارڈ کو ہدایت کی کہ عوامی فلاح کی شاندار منصوبے کیلئے تمام تر بنیادی انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور جلد از جلد اس منصوبہ کو مکمل کیا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں