معیشت کی بحالی کے لئے وزیراعظم عمران خان کے سعودی عرب اور ملائیشیا کے دورے انتہائی اہم ہیں، میاں کاشف اشفاق

پیر 22 اکتوبر 2018 21:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2018ء) پاکستان کے فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے وزیراعظم عمران خان کے سعودی عرب اور ملائیشیا کے سرکاری دوروں کو معیشت کی بحالی کے لئے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے ساتھ طرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے عملی اقدامات ضروری ہیں۔

پیر کو یہاں پی ایف سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ایف سی کے زیر اہتمام لاہور میں منعقد ہونے والی فرنیچر نمائش میں تمام اسلامی ممالک سے وفود کو شرکت کی دعوت دی جائے گی تاکہ ان کے درمیان تجارتی حجم کو فروغ دیا جاسکے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فرنیچر کی صنعت میں نئے مواقع کی تلاش اور فرنیچر سازوں و سرمایہ کاروں کو پاکستان کے دورہ کی دعوت دینے کیلئے پی سی ایف کا ایک وفد مشرق وسطی کے ممالک، ملائیشیا، انڈونیشیا، فلپائن سمیت دیگر ممالک کا دورہ کرے گا اور انہیں آگاہی دی جائے گی کہ وہ پاکستان کے فرنیچر سیکٹر میں سرمایہ کاری کرکے اربوں روپے کا منافع کما سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے معیشت کی بحالی کے لئے فعال کردار، غیر ملکی سرمایہ کاروں اور خریداروں کو راغب کرنے اور برآمدات کے حجم کو بڑھانے کے لئے غیر ملکی دوروں کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اسلامی ممالک کے پاس بہت بڑے وسائل اور پوٹینشل موجود ہے جن سے فائدہ اٹھانے کیلئے مسلم کمیونٹی کے مابین اقتصادی رابطوں کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے جس کیلئے او آئی سی کو فعال بنانا سب سے بڑا چیلنج ہے۔

انہوں نے کہا کہ خاص طور پر سعودی عرب کے ساتھ فوڈ مارکیٹ اور سروسز سیکٹر میں تعاون کے بڑے مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا حقیقی دوست اور برادر اسلامی ملک ہے اور ہر پاکستانی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہے۔ دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں اور تاجروں کے درمیان ملاقاتوں کا باقاعدگی سے انعقاد ہونا چاہئے جس سے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہونگے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہو گا، دونوں طرف سے لبرل بزنس ویزا پالیسی اختیار کرکے اس عمل کو سہل بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی طرف سے کسی بھی کاروباری عمل میں شرکت کیلئے ویزا فیس بڑھا کر 74 ہزار روپے فی کس کرنے سے پاکستانی تاجر مشکلات کا شکار ہیں۔ میاں کاشف اشفاق کا کہنا تھا کہ سعودی وژن 2030 انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور یہ سعودی معیشت کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے مواقع کے لحاظ سے سب سے بہتر ممالک میں شامل ہے اور سعودی فرنیچر ساز اور سرمایہ کار فرنیچر سیکٹر، تعمیراتی شعبے اور زراعت میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں