لاہور، ریلوے ٹریفک پولیس کی ایمانداری، ماجد خان نامی شخص کے گمشدہ 31,000 روپے واپس کر دئیے

پیر 22 اکتوبر 2018 23:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2018ء) پاکستان ریلوے ٹریفک پولیس نے ایمانداری کی بہترین مثال قائم کرتے ہوئے ماجد خان نامی شخص کے گمشدہ 31,000 روپے واپس کر دئیے۔ تفصیلات کے مطابق مسمی ماجد خان سکنہ شاد باغ لاہور جو کہ لنڈا بازارمیں کپڑے کا کام کرتا ہے اپنے والد کو ٹرین پر بٹھانے کے لئے ریلوے اسٹیشن لاہور آیا ۔ واپسی پرریلوے اسٹیشن کے سامنے 7.u-p چوک میں ٹریفک سگنل پر اس کا پرس گر گیا جس میں 31,000 روپے، ATM کارڈ اور قومی شناختی کارڈ بھی تھا۔

(جاری ہے)

گمشدہ پرس ٹریفک ڈیوٹی پر موجود ریلوے پولیس کے اہلکاروں کو مل گیا جنہوں نے پرس کو ریلوے پولیس ٹریفک انچارج انسپکٹر رانامحمد بابر کے حوالے کر دیا۔ پرس کی تلاشی لینے پر مذکورہ شخص کی رقم اور دیگر اشیاء کے علاوہ وزٹنگ کارڈ بھی برآمد ہوا، وزٹنگ کارڈ پر لکھے نمبر پر کال ملاکر مذکورہ شخص کو دفتر ریلوے پولیس ٹریفک بلوایا گیا اور بعد تصدیق رقم و دیگر اشیاء کو ماجد خان نامی شخص کے حوالے کر دیا گیا۔ گمشدہ پرس و رقم واپس ملنے پر مذکورہ شخص نے ریلوے ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کی ایمانداری پر شکریہ ادا کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں