سی پی ڈی اب تک2291پراسیکیوٹرز کو تربیت فراہم کر چکا‘چوہدری ظہیر الدین

کریمینل جسٹس سسٹم میں پراسیکیوٹرز کا کردار کلیدی،دور حاضر سے ہم آہنگی ناگزیر ہے،آزادانہ کام کرنے کی غرض سے پراسیکیوشن کو پولیس سے علیحدہ کیا گیا‘صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن کا پراسیکیوٹرز تربیتی کورس کی تقریب سے خطاب

منگل 23 اکتوبر 2018 17:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیرالدین نے کہا ہے کہ کریمینل جسٹس سسٹم کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے میں پراسیکیوٹرزکاکردار کلیدی ہوتا ہے ،کامیاب پراسیکیوشن کے لئے ضروری ہے کہ پراسیکیوٹرز خود کو دورحاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں ،پولیس کو پراسیکیوشن سے علیحدہ کرنے کا واحد مقصد یہی تھا کہ پراسیکیوشن آزادانہ طور پر کام کر سکے ،تحریک انصاف کی موجودہ حکومت پراسیکیویشن کے اعلی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور پراسیکیوٹرز کی تربیت کے دائرہ کار کو وسعت دے گی۔

وہ یہاں سینٹر فار پروفیشنل ڈویلپمنٹ آف پبلک پراسیکیوٹرز میں اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹرز کی انڈکشن ٹریننگ کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر سی پی ڈی بھی موجود تھے۔چوہدری ظہیرالدین نے کہا کہ پراسیکیوٹرز وہ منتخب افراد ہوتے ہیں جنہیں اللہ تعالی نے دنیا میں اپنے بندوں کو انصاف دلانے کے لئے چن لیا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کفر کا نظام تو چل سکتا ہے لیکن ظلم اور ناانصافی کا نظام نہیں چل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ناانصافی ام الخبائث ہے۔ اسی لئے پاکستان تحریک انصاف نے ہرشعبہ زندگی میں انصاف کی فراہمی کی ٹھان رکھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت وزیراعظم عمران خان کے ویژن پر عمل پیرا ہو کر ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنے میں ضرورکامیاب ہو گی۔قبل ازیں صوبائی وزیر کو سینٹر فار پروفیشنل ڈویلپمنٹ بارے بریفنگ بھی دی گئی۔

انہیں بتایا گیا کہ سینٹر فارپروفیشنل ڈویلپمنٹ اب تک 2291پراسیکیوٹرز کو مختلف جہتوں میں معیاری تربیت فراہم کر چکا ہے۔ چوہدری ظہیرالدین نے کہا کہ محکمہ پراسیکیویشن کی کارکردگی جلد وزیراعظم کو بھی پیش کی جائے گی۔بعدازاں صوبائی وزیر نے سینٹر کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور آخر میں وزیٹرز بک میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں