حکومت پنجاب کی طرف سے پیداواری مقابلہ برائے امرود2018-19 ء کے تحت کاشتکاروں کیلئے کروڑوں روپے کی زرعی مشینری کے انعامات

منگل 23 اکتوبر 2018 18:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2018ء) حکومت پنجاب کی طرف سے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے پیداواری مقابلہ برائے امرود2018-19 کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کے تحت جیتنے والے کاشتکاروں میں کروڑوں روپے کی زرعی مشینری کے انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق اس پیداواری مقابلہ میں حصہ لینے کیلئے شیخوپورہ،ننکانہ صاحب،قصور،فیصل آباد،ٹوبہ ٹیک سنگھ،ساہیوال،اوکاڑہ،وہاڑی،خانیوال،بہاولنگر اور سرگودھاکے اضلاع سے تعلق رکھنے والے کاشتکار اہل ہوں گے۔

ان مقابلہ جات کا انعقاد صوبائی و ضلعی سطح پر کیا جائے گا۔اس پیداواری مقابلہ کیلئے 3 ایکڑ سے زیادہ قابلِ کاشت زرعی اراضی کے مالک مرد و خواتین کاشتکار درخواست دینے کے اہل ہوں گے نیز مشترکہ کھاتہ رکھنے والے زمینداران بھی اہل ہوں گے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ مزارعین/ ٹھیکیداران بھی دستاویزات کی تحصیل کمیٹی کی طرف سے تصدیق کرانے کے بعد درخواست دے سکتے ہیں۔

اس پیداواری مقابلہ کیلئے امرود کے کاشتکار 3 ایکڑ متصل فصل امرود جس کی کوئی بھی منظور و تصدیق شدہ قسم کاشت کی گئی ہو مقابلہ کیلئے پیش کریں گے۔اس پیداواری مقابلہ کیلئے پھل کی کوالٹی معیار پر پورا اترتی ہو اور پھل عالمی قوانین کی روشنی میں زہروں سے پاک اور معیاری ہو۔MRL رپورٹ معیار کے مطابق نہ آنے پر مقابلہ کنندہ کاشتکار مقابلہ سے باہر تصور کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ پھل کا وزن 80 تا200 گرام ہونا چاہیے۔مقابلہ میں حصہ لینے کیلئے خواہشمند کاشتکار درخواست فارم اپنے متعلقہ اضلاع کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت(توسیع) یا زراعت آفیسر(توسیع) کے دفتر سے دفتری اوقات میں مفت حاصل کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ درخواست فارم محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹwww.agripunjab.gov.pk سے بھی ڈاؤن لوڈ کئے جا سکتے ہیں نیز درخواست فارم کی فوٹو کاپی بھی قابلِ قبول ہوگی۔اس مقابلہ میں حصہ لینے والے کاشتکار مجوزہ درخواست فارم پر درج تمام شرائط پر عملدرآمد کرنے کے پابند ہوں گے۔کاشتکار اپنی درخواستیں10 نومبر2018 تک جمع کروا سکتے ہیں۔مزید معلومات کیلئے کاشتکار دفتری اوقات میں فون نمبر042-99200734 یا042-99200752 پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں