لاہور،انویسٹی گیشن پولیس نشتر کالونی نے چور گینگ کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا

ملزمان کے قبضہ سے لاکھوں روپے نقدی،موبائل فونز دیگر قیمتی اشیاء اور ناجائز اسلحہ برآمد، متعدد وارداتوں کا اعتراف

ہفتہ 3 نومبر 2018 21:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 نومبر2018ء) انویسٹی گیشن پولیس نشتر کالونی نے چوری کی وارداتوں میں ملوث چور گینگ کے دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کی نشاندہی پر لاکھوں روپے کی نقدی،موبائل فونز اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ماڈل ٹائون کے مختلف علاقوں میں چوری کی وارداتوں نے شہریوں کو پریشان کر رکھا تھا۔

ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹائون ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری نے انچارج انویسٹی گیشن نشتر کالونی خضر حیات واہلہ کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے کر چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کا خصوصی ٹاسک دیا۔ پولیس ٹیم نے مختلف معلومات کی روشنی اور جدید ٹیکنالونی کا استعمال کرتے ہوئے ان وارداتوں میں ملوث چور گینگ کے سر غنہ امیر حمزہ اور اس کے ساتھی رفاقت علی عرف پھاکی ڈان کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے لاکھوں روپے نقدی، موبائل فونز، دیگر قیمتی اشیاء اور ناجائزاسلحہ برآمد کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

ملزمان نے دوران تفتیش ماڈل ٹائون ڈویژن کے مختلف علاقوں میں درجنوں مزید وارداتوں کا بھی اعتراف کیا ہے ۔ ملزمان اپنے طریقہ واردات شہر کے مختلف علاقوں میں گھومتے رہتے اور موقع پا کر گھروں سے نقدی اور موبائل فون چوری کر کے فرار ہو جاتے تھے۔ ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹائون ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری نے چور گینگ کی گرفتاری پر انچارج انویسٹی گیشن نشتر کالونی اوران کی ٹیم کیلئے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں