اسرائیل صہیونی ریاست ہے جو امریکی آشیرباد سے فلسطینیوں پر مظالم ڈھارہی ہے‘امیر العظیم

قادیانیوں کو اہم عہدوں پر فائزکرنا،توہین رسالتؐ کی مجرم آسیہ مسیح کی رہائی اور اسرائیل کے حق میں قرارداد کے پیچھے گہری سازش ہے‘امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب کاتقریب سے خطاب

منگل 13 نومبر 2018 19:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2018ء) امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی عاصمہ حدید کی جانب سے اسرائیل کے حق میں گفتگوکی شدید مذمت کرتے ہیں۔جب سے پی ٹی آئی کی حکومت برسراقتدار آئی ہے تب سے حکومتی طبقے کی جانب سے انتہائی نازک مسائل پر لاعلمی کی بنیاد پر غیر دانشمندانہ موقف سامنے آرہے ہیں۔

اسرائیل صہیونی ریاست ہے جوامریکی آشیر باد سے گزشتہ نصف صدی سے مظلوم فلسطینیوں پر مظالم کے پہاڑتوڑرہی ہے۔قبلہ اول کااحترام تمام مسلمان دل وجان سے کرتے ہیں۔ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کچھ لوگ امن کے نام پر خفیہ ایجنڈے کی تکمیل چاہتے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روزتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دنیامیں قتل وغارت گری مسلمان نہیں بلکہ یہودونصاریٰ کررہے ہیں۔

جاپان میں ایٹمی حملوں سے لے کر عراق اور افغانستان میں پندرہ لاکھ افرادکولقمہ اجل بنادیا گیاہے۔فلسطین،برما،کشمیر،عراق،شام اور افغانستان سمیت کئی ممالک میں مسلمانوں کو گاجرمولی کی طرح کاٹااور انہیں موت کے گھاٹ اتاراجارہاہے جبکہ اقوام متحدہ سمیت تمام امن کے علمبردارممالک خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔انہوں نے کہاکہ صہیونی قوتوں نے دنیا کاامن تہہ وبالاکرکے رکھ دیا ہے۔

مسلمان درحقیقت کفار کی سازشوں کااصل ہدف ہیں ان کامقابلہ کرنے کے لیے امت مسلمہ کواتحاد ویکجہتی کامظاہرہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ عاصمہ حدید کے موقف نے پوری قوم کو شدید تشویش میں مبتلاکردیا ہے، حکومت اس حوالے سے وضاحت پیش کرے۔آئین پاکستان سے انحراف کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اسلام امن کا دین ہے جو پوری دنیا میں بھائی چارے کوفروغ دینے کی بات کرتاہے۔

المیہ یہ ہے کہ دین اسلام کے خلاف سب سے زیادہ سازشیں کی جارہی ہیں۔امیر العظیم نے مزیدکہاکہ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت میں قادیانیوں کواداروں میں اہم عہدوں پر فائزکرنا،توہین رسالتؐ کی مجرم آسیہ مسیح کو سرکاری پروٹوکول اور اب حکومتی رکن قومی اسمبلی کی طرف سے اسرائیل کی حمایت کابیان سامنے آنا محض اتفاق نہیں بلکہ اس کے پیچھے گہری سازش ہے۔پاکستان کے عوام حکمرانوں کی اس قسم کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں