پیپلز پارٹی سینٹ کی دو خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی حمایت کرے گی، رہنماء پیپلزپارٹی وسطی پنجاب

مسلم لیگ (ن) کے مقابلے میں پی ٹی آئی فاشسٹ جماعت ہے، پی ٹی آئی کا رویہ حکومت والا نہیں اپوزیشن والا ہے پرویز الٰہی نے ویڈیو جاری کروائی اور وہ اپنے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں،قمر الزمان کائرہ ،منور انجم، اور د یگر کی مشترکہ پریس کانفرنس

منگل 13 نومبر 2018 21:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 نومبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ، سیکرٹری اطلاعات منور انجم، پیپلز پارٹی لاہور کے صدر حاجی عزیز الرحمن چن اور پنجاب اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی سینٹ کی دو خالی نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حمایت کرے گی، جس کی منظوری پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی دے دی ہے، انہوں نے کہا کہ منتخب ایوان میں (ن) لیگ نے چونکہ ماضی پر معذرت کی اس لئے پیپلز پارٹی ان کا ساتھ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے مقابلے میں پی ٹی آئی فاشسٹ جماعت ہے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے قائد عمران نیازی اصل میں نازی ہیں اور حکومت میں آنے کے باوجود پی ٹی آئی کا رویہ حکومت والا نہیں بلکہ اپوزیشن والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات ہر روز اٹھ کر چور چور کا شور مچانے لگ جاتے ہیں، پہلے وہ 200 ارب ڈالر باہر ہونے کی بات کرتے تھے۔

اب جدید دور کے احتساب الرحمن نے کہا ہے کہ پانچ ارب ڈالر باہر پڑے ہیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اب یہ مذاق بند کر دینا چاہیے۔ انہیں باہر سے ڈالر نہیں ملیں گے، کم از کم اپنے بچے ہی باہر سے واپس لے آئیں۔ جو انہوںنے وہاں یہودیوں کو رینٹ پر دیئے ہوئے ہیں۔ آصف عل یزرداری نے ہمیشہ ملک اور جمہوریت کی لڑائی لڑی۔ انہوں نے برداشت اور مفاہمت کی سیاست کی اور وہ ماضی کی طرح آج بھی جمہوریت مخالف لوگوں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کو بدنام کیا جاتا ہے۔ پیپلز پارٹی نے آصف علی زرداری کا نہ تو کیس کل لڑا نہ آج لڑ رہے ہیں۔ وہ خود اپنا مقدمہ لڑ رہے ہیں جبکہ اس کے برعکس (ن) لیگ اپنی قیادت کا مقدمہ لڑتی رہی ہے۔ پارٹی کے رہنمائوں نے کہا کہ ہم تلخی نہیں چاہتے اگر قیادت نے باہر نکلنے کی کال دی تو کوئی پیچھے نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ وہ جیل میں ڈال دیں گے۔

کیا انہوں نے نیا جی جی بریگیڈ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کے پاس ثبوت ہیں تو وہ نیب یا ایف آئی اے کو دیں اور عدالتوں کو فیصلہ کرنے دیں۔ انہوں نے کہا کہ شہزاد اکبر کو ہوائی باتیں کرنے کی عادت ہے۔ ہم تو حکومت کا ساتھ دینے کو تیار ہیں لیکن حکمرانوں کی جہالت کا یہ عالم ہے کہ ایک وزیر تعاون مانگتا ہے اور دوسرا پگڑیاں اچھالتا ہے۔

ان کی اوقات نہیں کہ کسی کو این آر او دے سکیں۔ نواز شریف کو اور ہمیں اپنے اپنے بے وفائوں نے جمع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متبادل معیشت پوری دنیا میں ہے اور اس سرمایہ دارانہ نظام اس پر چل رہا ہے۔ شہباز شریف گرفتار ہیں اور میاں صاحب خاموش ہیں۔ میاں صاحب متحرک تھے میڈیا بھی ساتھ تھا۔ مریم کو بھی پذیرائی ملی۔ اب سوگ اتنا لمبا نہیں ہونا چاہیے۔ ہم نے بی بی کی شہادت کے صدمے کے ساتھ سیاست جاری رکھی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی نے ویڈیو جاری کروائی اور وہ اپنے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں