’’دی نیو ڈیل فار پنجاب‘‘کے ٹائٹل سے تعلیمی روڈ میپ متعارف کروا یا جائے گا،مراد راس

منگل 13 نومبر 2018 23:54

لاہور۔13 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) صوبائی محکمہ سکولز ایجوکیشن نے ماہرین تعلیم، سٹوڈنٹس، ٹیچرز ، والدین اور مخیر حضرات سے مشاورت کے بعد -’’دی نیو ڈیل فار پنجاب‘‘کے ٹائٹل سے ایجوکیشن سیکٹر کا منظم روڈ میپ متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے،اس حوالے سے کوالٹی ایجوکیشن کو یقینی بنانے کی غرض سے تین مختلف تعلیمی بل کابینہ سے جلد منظور کروائے جائیں گے،ان قوانین کا مقصد ٹیچرز لائسنسنگ، پرائیویٹ سکولوں کے معاملات میں بہتری ، سرکاری سکولوں میں ڈبل شفٹ اور دیگر تعلیمی امور کو جلد حل کرنا ہے تا کہ سرکاری شعبہ تعلیم میں نمایاں بہتری آئے،یہ بات صوبائی وزیر برائے سکولز ایجوکیشن مراد راس نے پنجاب کریکلم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ آفس کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، صوبائی وزیر مراد راس نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ محکمہ سکولز ایجوکیشن میں ادارہ جاتی فیصلہ سازی کا ایک مربوط اورسینٹرلائزڈ سسٹم متعارف کروایا جائے گا تا کہ محکمہ سکولز ایجوکیشن کی تمام انفارمیشن ایک جگہ پر ملے گی،انہوں نے کہا کہ محکمہ سکولز ایجوکیشن میں کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سو فیصد شرح داخلہ کے حصول، ٹیچرز ٹریننگ کے اجراء اورتعلیمی گڈ گورننس سمیت مختلف ریفامز متعارف کروائی جائیں گی جس سے پنجاب کا سکول ایجوکیشن پورے جنوبی ایشیاء میں ایک مثال بن کر ابھرے گا،صوبائی وزیر مراد راس نے کہا کہ مظفر گڑھ اور بہاولپور کے بعد اب مزید 20اضلاع میں طلباو طالبات کیلئے مفت ٹرانسپورٹ پروگرام متعارف کروایا جائے گا،انہوں نے کہاکہ قائداعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ کو ری ڈیزائن کیا جائے گا تا کہ اساتذہ کی بہترین خطوط پر ٹریننگ ممکن ہو سکے،انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 92سکولوں میں واش پروگرام جاری ہے جس کے تحت طالبعلموں کو صحت مند زندگی کے بارے میں آگاہ کیا جاتا ہے، قبل ازیں صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے انسداد رشوت ستانی کے عالمی دن کے حوالے سے الحمرا میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا سب سے اہم سیاسی ایجنڈا ملک سے بد عنوانی کا مکمل خاتمہ ہے کیونکہ کرپشن سے معاشرے میں بے چینی اور انتشار پھیلتا ہے۔

(جاری ہے)

بد قسمتی سے ماضی میں سیاست کو کرپشن کیلئے استعمال کیا گیا جس بنا پر ادارے کمزور ہوئے اور قانون کی حکمرانی کے عمل کو نقصان پہنچا۔صوبائی وزیر مراد راس نے کہا کہ رشوت ستانی ایک معاشرتی لعنت ہے جو ہر فرد اور ادارے کو نقصان پہنچاتی ہے اور اس سے پاکستان کی عالمی شہرت بھی متاثر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جہالت اور کرپشن ایک جیسی بیماریاں ہیں۔

تعلیم سے محرومی غربت و افلاس کو جنم دیتی ہے جبکہ کرپشن سے اداروں کی سروس ڈلیوری متاثر ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پائیدار جمہوریت کا وجود مضبوط میڈیا، فعال عدلیہ اور فروغ تعلیم سے مشروط ہے۔ اس حوالے سے یہ بات خوش آئند ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے اداروں کی مضبوطی کی پالیسی کو آگے بڑھایا ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے یہ بات بھی واضح کی ہے کہ حکومت عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے اور اسی طرح حکومت میڈیا کی آزادی پر مکمل یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ علماء کرام لوگوں کو یہ بات باور کروائیں کہ کرپشن دینی احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ اسی طرح تعلیم سے محرومی سے معاشرے میں جہالت پروان چڑھتی ہے جس سے سماجی برائیاں جنم لیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے میں ہر بچے کو معیاری تعلیم مہیا کرنے کیلئے پوری طرح سرگرم عمل ہے۔حکومت کی کوشش ہے کہ بچوں کو کوالٹی ایجوکیشن ملے اور وہ تعلیم کو ہتھیار بنا کر زندگی کی مشکلات سر کریں۔

انہوں نے این جی او ز اور میڈیا پر زور دیا کہ بچوں میں کرپشن کے خلاف شعور بیدار کیا جائے تا کہ وہ کرپشن سمیت تمام برائیوں سے بچ کر زندگی بسرکریں۔تقریب میں ڈی جی نیب لاہور ، اساتذہ اور طلبا و طالبات نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر نے صوبہ بھر سے آئے طلباء و طالبات میں تعریفی سرٹیفکیٹس اور گفٹ ہمپرز تقسیم کئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں