حکومت سوشل ویلفیئر کے منصوبوں میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہے ، صوبائی وزیرمحمد اجمل چیمہ

جمعرات 15 نومبر 2018 20:00

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2018ء) صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال محمد اجمل چیمہ نے کہا ہے کہ سوشل ویلفیئر کے ادارے اور بیت المال کا پیسہ غریب اور نادار طبقے کی امانت ہے جن کا استعمال انتہائی ایمانداری سے ان کی فلاح و بہبود کے لئے کیا جائیگا، ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے اپنے دفتر میں پارٹی ورکرز سے ملاقات کے دوران کیا، اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے محمد اجمل چیمہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے سوشل ویلفئیر کے اداروں کی بہتری کیلئے اقدامات کرنے کی خصوصی ہدایات کی ہیں اور ذاتی دلچسپی کا اظہار کیا ہے،کارکنان سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے اپنے دورہ داد رسی سنٹر برائے خواتین ملتان سے متعلق بتایا کہ داد رسی سنٹر سمیت تمام فلاحی اداروں کو مزید فعال کیا جائیگا اور ان کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے حکومت پنجاب سے مزید فنڈز بھی مانگے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ معاشرے کے نادار اور غریب طبقے کا ہم پر حق ہے اور اس حق کو ادا کرنا ہم سب کا فرض ہے، صوبائی وزیر نے کہا کہ اللہ پاک نے ان کو معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کی خدمت کا موقع دیا ہے اور وہ اپنی ذمہ داری کو پوری ایمانداری سے نبھائیں گے، بعد اذاں صوبائی وزیر سے سوشل ویلفیئر کمپلیکس کے تحت چلنے والے اداروں میں کام کرنے والی سائیکالوجسٹس کے وفد نے بھی ملاقات کی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا، صوبائی وزیر پنجاب محمد اجمل چیمہ نے ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی اور انہیں محنت، لگن اور جانفشانی سے کام کرنے کی ہدایت بھی کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں