کائٹ فلائنگ فیسٹیول کی بحالی سے عالمی سطح پر ملک کا مثبت تشخص اجاگر ہوگا،معاملے کا جائزہ لینے

کیلئے اعلی سطحی کمیٹی قائم کی جائے ،خواجہ ندیم سعید وائیں

جمعہ 16 نومبر 2018 14:30

لاہور۔16 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن کے صدر اور کائٹ فلائنگ فیسٹیول کے بانی خواجہ ندیم سعید وائیں نے کہا ہے کہ غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے کائٹ فلائنگ فیسٹیول، کائٹ سٹی/ کائٹ فلائنگ زون اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کائٹ فلائنگ فیسٹیول کی بحالی سے حکومت کو اربوں روپے کی آمدن ہوگی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا اچھا تشخص اجاگر ہوگا ۔

خواجہ ندیم سعید وائیں نے کہا کہ کائٹ فلائنگ فیسٹیول لاکھوں سیاحوں کو پاکستان میں کھینچ لائے گا جس سے حکومت کو بھاری آمدن ہوگی جبکہ بے روزگار لوگوں کے گھروں کے چولہے بھی جلیں گے، کائٹ فلائنگ فیسٹیول ایک میگا منصوبہ ثابت ہوگا لہذا اس سلسلے میں فوری کام شروع کرنے پر غور کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت غیرملکی سیاحوں کا پہلے کی طرح پاکستان کا رخ نہ کرناسیاحت کے شعبہ کونقصان پہنچا رہا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ چند سال قبل صوبہ پنجاب میں کائٹ فلائنگ فیسٹیول ہوتا تھا جسے دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے لاکھوں سیاح صوبہ پنجاب میں آتے تھے مگر قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کی وجہ سے اسے بند کردیا گیا حالانکہ منصوبہ بندی کرکے قیمتی انسانی جانوں کو ضائع ہونے سے بچانے کے ساتھ اس فیسٹیول کو بھی جاری رکھا جاسکتا تھا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کائٹ فلائنگ فیسٹیول کے معاملے کا جائزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی جائے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں