بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات کی تیاریاں مکمل ، پہلے سے بہتر مہمان نوازی کی جائے گی،سیکرٹری بورڈ

جمعہ 16 نومبر 2018 16:30

لاہور۔16 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) با با گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے ترجمان عامر حسین ہاشمی نے بتایا کہ سیکرٹری بورڈ محمد طارق وزیر کے احکامات پر بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں کے واہگہ ریلوے سٹیشن پر استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں،اس مرتبہ پہلے سے بہتر فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں،یاتریوں کی سفری سہولیات کے لیے ٹرانسپورٹ ‘کھانے پینے اور رہائش کے لیے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری بورڈ کا کہنا ہے کہ چیئرمین بورڈ کے احکامات کے مطابق گورو دواروں کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے اور بہترین مہمان نوازی کے لیے تمام تر اقدمات کیے جائیں گے، سکھ یاتری پاکستان میں 10روز ہ دورے کے شیڈول کے مطابق 21نومبر کو سپیشل ٹرین کے ذریعے واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آئیں گے اور گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں قیام کریں گے، ننکانہ صاحب میں قیام کے دوران 22نومبر کو گورو دوارہ سچا سودا فاروق آباد یاترا کے بعد واپس جنم استھان ننکانہ صاحب قیام کریں گے ،مرکزی تقریب 23نومبر کو جنم استھا ن ننکانہ صاحب میں ہو گی جس میں مختلف سیاسی و مذہبی اور اقلیتی رہنماء شریک ہوں گے اور اس سلسلہ میں گورو دوارہ جنم استھان کو خوبصورت روشنیوں سے سجا دیا گیا ہے ،سکھ یاتری 24نومبر کو بذریعہ سپیشل ٹرین گورو دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال جائیں گے اور ایک روز قیام کے بعد 26نومبر کو گورو دوارہ ڈیرہ صاحب لاہورآئیں گے یہاں ایک روز قیام کے بعد 28نومبر کو یاتر ی گورو دوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد اور گورو دوارہ دربار صاحب کرتار پور نارووال کا دورہ کریں گے اور واپس لاہور آئیں گے، سکھ یاتری30نومبر کوسپیشل ٹرین کے ذریعے واپس بھارت چلے جائیں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں