سعودی عرب اقوام متحدہ کے مستقل مندوب مارٹن گرنتھ کے ساتھ مل کر یمن کے ساتھ سیاسی حل تلاش کررہا ہے، لیاقت بلوچ

جمعہ 16 نومبر 2018 22:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 نومبر2018ء) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ نے بیان دیا ہے کہ سعودی عرب اقوام متحدہ کے مستقل مندوب مارٹن گرنتھ کے ساتھ مل کر یمن کے ساتھ سیاسی حل تلاش کررہا ہے ۔سعودی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ہم روزاول سے کہہ رہے ہیں کہ یمن کے مسئلہ کا کوئی فوجی نہیںسیاسی حل ہے ۔

مکہ مکرمہ سے جاری اپنے ایک بیان میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ اس پالیسی بیان میں پاکستان کے ثالثی کردار کا ذکر نہیں جس کا عمران خان نے اعلان کیا تھا ۔انہوںنے کہا کہ سینئر صحافی خوشگی کے ظالمانہ ،بہیمانہ قتل کے بعد سیاسی و سفارتی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں ۔سعودی عرب کے پبلک پراسیکیوٹر شالان ال شالان نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ سعودی قیادت کا اس قتل کے ساتھ کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی انہیں پہلے سے اس قتل کے بارے میں کوئی علم تھا۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہا کہ خوشگی کا قتل سعودی عرب کے خلا ف گہری سازش ہے ۔لیاقت بلوچ نے غزہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے غزہ میں رہنے والے فلسطینی مسلمانوں پر بلاجواز بمباری کا عالمی اداروں کو نوٹس لینا چاہئے جس میں چند دن کے اندر درجنوں فلسطینی شہید ہوچکے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ اسرائیلی مظالم کے سامنے فلسطینیوں کی بے مثال جرأت ،بہادری اورمزاحمت نے ایک نیا حوصلہ پیدا کیا ہے ۔

اسرائیلی وزیر دفاع کے استعفٰی نے اسرائیلی حکومت کے ظلم اورانسان کش کردار کو بے نقاب کردیا ۔انہوں نے کہا کہ حماس پوری فلسطینی قوم کی بہادری سے قیادت کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیر اور فلسطین کا مسئلہ حل نہیں ہوتا دنیا میں امن ناپید رہے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں