مقبوضہ کشمیر میںپنچائتی انتخابات کا ڈھونگ محض وقت کا ضیاع ہے‘طارق غوری

کشمیریوں کی حق خودارادیت کیلئے جدو جہد کو دہشت گردی قرار دینا بھارتی حکمرانوں کی منافقت، بزدلی کا کھلا ثبوت ہے

اتوار 18 نومبر 2018 17:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2018ء) یو تھ فورم فار کشمیرکا ایک اہم اجلاس زیر صدارت چیف آرگنائزر طارق احسان غوری ایوان کشمیر لاہور میں منعقد ہوا ،اجلاس میں مختلف،سیاسی، سماجی اور نوجوان تنظیموں کے رہنمائوں نے بھی شرکت کی ۔اجلاس میںمقبوضہ کشمیر میں نام نہاد پنچائتی انتخابات کے موقعہ پر کشمیری قائدین کی اندھا دھند گرفتاریوں اور اور دختران کشمیر کی رہنماء آسیہ اندرابی کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور ان اقدامات کی شدید مذمت کی گئی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے طارق غوری نے کہا کہ کشمیریوں کی حق خودارادیت کیلئے جدو جہد کو دہشت گردی قرار دینا بھارتی حکمرانوں کی منافقت اور بزدلی کا کھلا ثبوت ہے ،پنچائتی انتخابات کا ڈھونگ محض وقت کا ضیاع ہے ۔

(جاری ہے)

پوری وادی میں کریک ڈائون اندھا دھند گرفتاریاں اور حریت رہنمائو ں کی نظر بندیاں تحریک جدو جہد آزادی کو دبا نہیں سکتیں انہوں نے اقوام متحدہ سے اس صورتحال کا فوری نوٹس لینے اور کشمیری رہنمائوں اور کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ،اجلاس میں ایک قرار داد کے ذریعے کشمیر سے بھارتی فوج نکالنے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی منظور کردہ قرار دادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا گیا۔

اجلاس میں قسور سعید مرزا ،نواب ریاض قریشی،ڈاکٹر عمران اپل،ملک مہربان اور حاجی رفیق پردیسی نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں