پاکستان اور چین کے درمیان کراچی سے پشاور کے درمیان ٹریک کی اپ گریڈیشن کا معاہدہ طے پا گیا

پاکستان میں ریل سروس بہت پیچھے رہ گئی ہے، ہم اسے آگے لے جانا چاہتے ہیں، شیخ رشید احمد ہمارے 1700 کلومیٹر ٹریک کی پٹڑی آج بھی ویران پڑی ہے،آئی ایم ایف وقت کی ضرورت ہے، زندہ رہا تو ایک لاکھ ملازمتیں دے کر جاؤں گا،مجھے خطرہ ہے زرداری کہیں بلاول کی سیاست بھی نہ لے ڈوبیں، نوازشریف کی پوری کوشش ہے ان کی سیاست چاہے ختم ہو، مریم کی سیاست بچ جائے،عمران خان نے بہت محنت کی ہے، حکمت عملی کی تبدیلی یوٹرن نہیں، وفاقی وزیر کی پریس کانفرنس

منگل 20 نومبر 2018 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) پاکستان اور چین کے درمیان کراچی سے پشاور کے درمیان ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کا معاہدہ طے پاگیاہے جبکہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں ریل سروس بہت پیچھے رہ گئی ہے، ہم اسے آگے لے جانا چاہتے ہیں، ہمارے 1700 کلومیٹر ٹریک کی پٹڑی آج بھی ویران پڑی ہے،آئی ایم ایف وقت کی ضرورت ہے، زندہ رہا تو ایک لاکھ ملازمتیں دے کر جاؤں گا،مجھے خطرہ ہے زرداری کہیں بلاول کی سیاست بھی نہ لے ڈوبیں، نوازشریف کی پوری کوشش ہے ان کی سیاست چاہے ختم ہو، مریم کی سیاست بچ جائے،عمران خان نے بہت محنت کی ہے، حکمت عملی کی تبدیلی یوٹرن نہیں۔

منگل کو پاکستان اور چین کے درمیان کراچی سے پاور کے درمیان ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کا معامدہ طے پا گیا ،معاہدے پر دستخط کی تقریب لاہور میں پاکستان ریلوے کے ہیڈ کوارٹر میں ہوئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان اور چین ایک دوسرے کی دوستی پر بھروسہ کرتے ہیں، پاکستان اور چین کے درمیان ریلوے کے شعبے میں تعاون خوش آئند ہے، پاکستان میں ریل سروس بہت پیچھے رہ گئی ہے، ہم اسے آگے لے جانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 23 نومبر کو وزیراعظم چار ٹرینوں کا افتتاح کریں گے ، انہوں نے لاہور ہیڈ کوارٹرز کے دورے کی دعوت قبول کی ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ میرا خواب پورا ہو رہا ہے ، 14 سال پہلے اس منصوبے کا سوچا تھا، ہمارے 1700 کلومیٹر ٹریک کی پٹڑی آج بھی ویران پڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف وقت کی ضرورت ہے، ہم اپنی ضرورت کے تحت اس کے پاس جارہے ہیں ،آئی ایم ایف کے پاس جانے کی کڑوی گولی کھانی پڑجاتی ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ 11 دسمبر کو ریلوے میں 10 ہزار ملازمتوں کا اشتہار دیا جارہاہے، زندہ رہا تو ایک لاکھ ملازمتیں دے کر جاؤں گا۔وزیر ریلوے نے سابق صدر کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ زرداری نے کمیشن نہ کھائی ہوتی تو آج ریلوے کا محکمہ کہاں سے کہاں پہنچ چکا ہوتا، مجھے خطرہ ہے زرداری کہیں بلاول کی سیاست بھی نہ لے ڈوبیں، آنیوالے وقت میں زرداری اور بلاول کی سیاسی راہیں جدا نظر آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی پوری کوشش ہے ان کی سیاست چاہے ختم ہو، مریم کی سیاست بچ جائے، چیئرمین سینیٹ بہت اچھے آدمی ہیں، ہم سیاستدان لوگوں سے غلط بیانی کرتے رہتے ہیں۔ایک سوال پرشیخ رشید نے کہا کہ عمران خان نے بہت محنت کی ہے، حکمت عملی کی تبدیلی یوٹرن نہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں