پنجاب کی آئندہ پانچ سالہ معاشی منصوبہ بندی کا جلد اعلان کر دیا جائے گا‘وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جوان بخت

اس وقت بین الاقوامی سطح پر پنجاب کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار میں آسانی کے حوالے سے سب سے بہتر صوبہ تسلیم کیا جا رہا ہے حکومت پنجاب ٹیکس سسٹم کی مکمل آٹومیشن اور کاروبار اور پراپرٹی کی آن لائن رجسٹریشن کے ذریعے صوبے کو مزید پرکشش بنا رہی ہے‘گفتگو

منگل 20 نومبر 2018 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) اس وقت بین الاقوامی سطح پر پنجاب کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار میں آسانی کے حوالے سے سب سے بہتر صوبہ تسلیم کیا جا رہا ہے، حکومت پنجاب ٹیکس سسٹم کی مکمل آٹومیشن اور کاروبار اور پراپرٹی کی آن لائن رجسٹریشن کے ذریعے صوبے کو مزید پرکشش بنا رہی ہے ،نا مساعد مالی حالات کے باوجود انڈسٹریل ذونز کے قیام کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، مقامی صنعتوں اور زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے متعلقہ شعبہ جات میں اصلاحات کا آغاز کیا جا چکا ہے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے گزشتہ روز وزیر مملکت ،چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ وزیر اعظم آفس اسلام آباد ہارون شریف کی لاہور آمد پر ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب ملک میں معاشی بحران کے خاتمے کے لیے ہر طرح کی سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے ۔

اس مقصد کے لیے ٹیکس سسٹم میں اصلاحات سمیت تاجر برادری کی جانب سے آنے والی مختلف شکایات اور سفارشات کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔زرعی پیداوار میں اضافے اورچھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs)کے فروغ کے لیے کسانوں اور ہنر مندوں کو کی مالی معاونت کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔صوبائی وزیر نے ملک میں کام کی عمر میں پہنچنے والے نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو ائندہ چند سالوں میں دنیا کی بہترین لیبر مارکیٹ بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ملکی معیشت میں بہتری کا ذمہ دار قرار دیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب نوجوانوں کے لیے تعلیم اور روزگار میں مطابقت اور فنی تربیت کے مختلف پروگرامز متعارف کروا رہی ہے اس ضمن میں پنجاب کی آئندہ پانچ سالہ معاشی منصوبہ بندی کا بھی جلد اعلان کر دیا جائے گا۔ ہارون شریف نے صوبائی وزیر کو مختلف ممالک سے سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے شعبہ جات اور آئندہ چند ہفتوں میں چائنا اور عرب مارات کے متوقع وفود کی پاکستان میں آمد اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کی تیاریوں سے آگاہ کرتے ہوئے پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کی یقین دہانی کروائی ۔

چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ نے کہا کہ پاکستان میں توانائی ، ہائوسنگ اور انفراسٹریکچر کے منصوبہ جات بیرونی سرمایہ کاروں کی خصوصی دلچسپی کا مرکز ہیں ۔ اس کے علاوہ انڈسٹریل زونز کی موجودگی بھی کاروبار میں اضافے کے لیے سود مند ثابت ہو گی۔ چیئرمین نے اُمید ظاہر کی کہ اس ضمن میں پنجاب بین الاقوامی وفود کا پر جوش انداز میں خیر مقدم کرے گا اور ملکی معیشت کے استحکام میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں