ملک بھر میں جشن ولادت رسولﷺ شایان شان طریقے سے منایا جارہا ہے

بدھ 21 نومبر 2018 13:10

لاہور ۔21نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2018ء) ملک بھر میں جشن ولادت رسولﷺ شایان شان طریقے سے منایا جارہا ہے اور عاشقانِ رسولؐ اپنے اپنے انداز میں نبی مہربان حضرت محمد مصطفی ﷺ سے عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں، جشن ولادت رسولﷺکے موقع پر ملک بھر میں گھروں، مساجد، گلی محلوں اور اہم عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے جبکہ دوسری جانب میلاد کی محفلوں اور ریلیوں کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے،صوبائی دارلحکومت لاہور کے گلی کوچوں اور سرکاری و نجی عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجادیا گیا ہے، شہر میں 12 ربیع الاول کے جلوس نکالے جارہے ہیں،نوجوانوں کی طرف سے موٹر سائیکلوں، رکشوں اور کاروں پر مشتمل ریلیاں جگہ جگہ نظر آ رہی ہیں،لاہور میں کئی مقامات پر کیک کاٹے جا رہے ہیں ،علاوہ ازیں مختلف مقامات پر مساجد اور گھروں میں محافل کا انعقاد کیا جا رہا ہے ،اس موقع پر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، عید میلاد النبیﷺ کی مناسبت سے بچے ،نوجوان گلی محلوں میں پہاڑیاں بنا کر اپنی عقیدت کا بھرپور اظہار کر رہے ہیں، بازاروں میں مسجد نبوی، خانہ کعبہ کے ماڈل رکھے گئے ہیں، کیلی گرافی کے نمونے بھی گلیوں میں آویزاں کئے گئے ہیں،اسی طرح نذر ونیاز کا سلسلہ بھی جاری ہے، کہیں ناشتہ تو کہیں نان دال، کہیں میٹھے چاول تو کہیں بریانی سے ہر خاص و عام کی تواضع کی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں