بلدیہ عظمیٰ لاہور کا اجلاس

جمعرات 29 نومبر 2018 23:54

لاہور۔29 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2018ء) بلدیہ عظمیٰ لاہور کا 23واں اجلاس ڈپٹی میئر /سپیکر رائو شہاب الدین کی زیر صدارت ٹائون ہال میں منعقد ہوا ۔ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں سابقہ اجلاس کی توثیق بھی ہوئی۔ڈپٹی میئر میاں طارق کے بھائی کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔

سینئر ڈپٹی میئر نذیر احمد سواتی کی جانب سے قرارداد موصول ہوئی جس میں انہوںنے کہا کہ داتا گنج بخش زون کا تہہ بازاری سٹور لاہور سے باہر سگیاں پل سے آگے ہے اور یہ تہہ بازاری سٹور کرایہ پر حاصل کیا گیا ہے لہذا بکر منڈی کے قریب سینٹرل اسکواڈکے زیر استعمال سٹور داتا گنج بخش زون کو الاٹ کیا جائے اور سینٹرل اسکواڈ لاہور کے جس علاقے سے سامان اٹھائے وہ متعلقہ زون میں جمع کروائے۔

(جاری ہے)

اس طرح سامان غائب ہونے سے بھی بچ جائے گا۔ چیئرمین یونین کونسل 236چوہدری تنویر گجر نے قرارداد میں کہا کہ مادرملت ، باگڑیاں چوک تا مسلم چوک تک صرف ایک یوٹرن ہے جو بہت چھوٹا ہے جہاں اکثر ٹریفک پھنسی رہتی ہے اور بیشتر ہلاکتیں بھی ہو چکی ہیں ۔ ایل ڈی اے ٹیپا کو یوٹرن کو بڑا کرنے کا کہا جائے تاکہ قیمتی انسانی زندگیاں ضائع ہونے سے بچ سکیں۔

چیئرمین یونین کونسل 85عفیف اشرف صدیقی نے قرارداد پیش کی کہ پولی تھین بیگ( شاپنگ بیگ ) بنانے والوں اور اس کے استعمال پر فوری پابندی لگائی جائے تاکہ شہریوں کی صحت و تندرستی کی حفاظت کی جائے جبکہ پولی تھین بیگ کا نعم البدل کاغذلفافہ /بیگ ہونا چاہئیے۔ڈسٹرکٹ ممبر حمید ہ ذوالفقار کی جانب سے قرارداد موصول ہوئی جس میں رجسٹری کے بغیر تعمیر کئے گئے گھر /جگہ کی رجسٹری کو لازمی قرار دیا جائے ۔

چیئرمین یونین کونسل 114چوہدری اظہر حسین نے قرارداد میں کہا کہ میری یونین کونسل میں سٹریٹ لائٹس اکثر خراب رہتی ہیں لہذا ایک مستقل الیکٹریشن یونین کونسل میں تعینات کیا جائے ۔چیئرمین یونین کونسل 243طاہر قیوم افضل اعوان نے قرارداد پیش کی کہ میری یونین کونسل میں قائم لیبر ڈسپنسری کو اًپ گریڈ کیا جائے ۔ ڈسٹرکٹ ممبر سنیل گلزار کی طرف سے قرارداد موصول ہوئی جس میں انہوں نے تمام اہل اسلام اورپاکستان میں بسنے والے مسلمان بھائیوں کو جشن عید میلادالنبیؐکی مبارک باد دی۔

چیئرمین یونین کونسل 81 امیر محمد گجرنے قرارداد میں کہا کہ شاہ شمس قاری میں عرصہ دراز سے پڑئے ہوئے سیوریج پائپ لائن اور واٹر پائپ لائن کی حالت نہایت خستہ ہے اور جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ۔ لہذا نئی واٹر سپلائی لائن ڈالی جائے تاکہ اہل علاقہ صاف پانی استعمال کر سکیں اور مختلف امراض سے مکینوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔ تمام قراردادوںکو ایوان نے متفقہ رائے سے منظورکرلیا اور کارروائی کے لئے متعلقہ محکموں کو ارسال کر دیا گیا۔

اجلاس میں مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے اراکین نے سابقہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔ اجلاس کے اختتام پر میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید نے کہا کہ پورے لاہور میں ترقیاتی سکیموں میں رکاوٹ کی وجہ سے عوام پریشان ہیں ۔ کرنل (ر) مبشر جاوید نے کہا کہ ہم حکومت پنجاب سے مطالبہ کریں گے کہ ہمیں Rules of Business & Works Rulesکے مطابق کام کرنے کا موقع دیاجائے ورنہ ہم احتجاج کریں گے اور کورٹ کے دروازے پر دستک دیں گے۔ جن سکیموں کو حکومت پنجاب نے روکا انہیں بحال کرنے کیلئے ہم موجودہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان سکیموں کو فوری بحال کیا جائے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں ہم امید کرتے ہیںکہ موجودہ حکومت بہترحکمت عملی اپنائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں