حکومت اضافی چینی برآمد کرنے کے لئے پالیسی تشکیل دے ، پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کا مطالبہ

جمعہ 30 نومبر 2018 14:00

لاہور۔30 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2018ء) پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ چینی کی برآمد پر سبسڈی فراہم کی جائے نیز سیلز ٹیکس پر نظر ثانی کے علاوہ گنے کی قیمتوں کو قانونی طریقے سے طے کیا جائے، ایسوسی ایشن کے ممبر وحید چوہدری نے مطالبہ کیا کہ گنے کی قیمت اور چینی کی برآمد کو ڈی ریگولیٹ ہو نا چاہئے، پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے اس امر پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ چینی کی ایکس مل قیمت 47 روپے فی کلو گرام ہے جبکہ ٹیکس شامل کر کے اس کی قیمت60 روپے فی کلو گرام تک پہنچ جاتی ہے ،دوسری جانب گنے اور چینی کی قیمتوں میں تضاد کے باعث گنے کی کرشنگ نا ممکن ہے،انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں نے گنے کی قیمتوں کو 180روپے فی چالیس کلو گرام پر فکس کر دیا تھا جس میں ٹیکسز کی شرح بہت زیادہ جبکہ چینی کی قیمتیں بہت کم ہیں اور ان حالات میں ہم گنے کی کرشنگ کیسے شروع کر سکتے ہیں اور چینی کی فروخت پر فی کلو گرام15روپے کا نقصان کیسے برادشت کیا جا سکتا ہے جبکہ سبسڈی کی مد میں شوگر ملز کی16ارب روپے بھی ادا نہیں کئے گئے،ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کے ساتھ ہمارے کوئی مسائل نہیں ،ہم نے ان کے 99 فیصد بلز کلیئر کر دیئے ہیں، ہم کاشتکاروں سے موجودہ قیمتوں سے زائد پر گنے کی خریداری چاہتے ہیں لیکن حکومت کو بھی چاہئے کہ ہمیں اچھا ریٹ دے لیکن اس سے قبل چینی کی پیداوار اور استحکام کو بھی ملحوظ خاطر رکھنا ہو گا،انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہمیں مقامی سطح پر چینی کی اچھی قیمت ادا کی جائے یا پھر سرپلس چینی کی برآمدات کی مد میں سبسڈی فراہم کی جائے،انہوں نے انکشاف کیا کہ پیداواری تخمینہ کے مطابق 80فیصد گنے کی قیمت کی ادائیگیوں‘دس فیصد ٹیکسز دینے کے بعد باقی دس فیصد شوگر ملز کیلئے بچتے ہیں،انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت سبسڈی کی مد میں16ارب روپے دے تا کہ واجبات کو کلیئر کیا جا سکے،انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ ایک مستحکم شوگر پالیسی متعین کی جائے تا کہ ہم سرپلس چینی کی صورت میں چینی کی برآمد کو یقینی بنا سکیں،اس کے ساتھ ساتھ ہمیں ملوں کو اس بات کا ذمہ دار بنانا ہو گا کہ وہ کمی کی صورت میں اس خلاء کو پورا کریں جس کیلئے ضروری ہے کہ چینی کی قیمت بڑھا کر65 روپے فی کلو گرام تک کی جائے تا کہ اس کاروبار کو مستحکم کیا جا سکے،انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت کو اس سلسلہ میں فیصلہ سازی کرنا ہو گی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں