سرکاری سطح پر معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے حکومت ہرضروری اقدامت کریگی‘ یاسر ہمایوں سرفراز

یہاں دوتعلیمی نظام رائج ہیں ایک امیروں ،دوسرا متوسط طبقہ کیلئے ،ہمیں طبقاتی تقسیم کی حوصلہ شکنی کرنی چاہئے‘وزیر ہائر ایجوکیشن

ہفتہ 1 دسمبر 2018 17:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2018ء) ہمیں طبقاتی تقسیم کی حوصلہ شکنی کرنی چاہئے، یہاں دوتعلیمی نظام رائج ہیں ایک امیروں کے لئے اور دوسرا متوسط طبقہ کے لئے ، تحریک انصاف کی حکومت اس نظام تدارک کے لئے اقدامات کر رہی ہے، سرکاری سطح پر معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے حکومت ہرضروری اقدامت کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے گورنمنٹ کالج برائے خواتین سمن آباد کے بیسویں کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ طلبہ کے لئے ڈگریوں سے زیادہ اس علم کی اہمیت ہونی چاہئے جو انہوں نے حاصل کیا ۔ جب تک مسلمان صاحب علم تھے انہوں نے دینا پر حکومت کی ۔ علم سے دوری مسلمانوں کی موجودہ زبوں حالی کی وجہ ہے۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حکومت یکساں نظام تعلیم اور نصاب رائج کرنا چاہتی ہے جبکہ اس پر کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ اعلیٰ تعلیم کا مطلب کوالٹی ایجوکیشن ہوتا ہے اگر ہم اپنے طلبہ کو معیاری تعلیم کے بجائے صرف ڈگریاں بانٹیں گے تو یہ پاکستان کے مستقبل کے ساتھ زیادتی ہو گی۔

یونیورسٹی کی سطح پر معیار تعلیم بہتر کرنے کے لئے شفاف طریقے سے قابل اور بااختیار وائس چانسلرز کا تقرر عمل میں لایا جائے گا۔ جب ہماری یونیورسٹیز کا شمار بین الاقوامی درجہ بندی میں ہونے لگے گا اس وقت ہمارے جامعات کی جاری کردہ ڈگریوں کودنیا میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔پنجاب کے ہر ڈویژن میں ایک عالمی معیار کی یونیورسٹی قائم کی جائے گی انکا کہنا تھا کہ بیرون ممالک سے ماہر تعلیم پاکستان میں ریسرچ کے حوالے سے ٹریننگ دیں گے جبکہ ہماری یونیورسٹیز کی عالمی درجہ بندی میں بہتری کے لئے سفارشات بھی پیش کریں گے۔

تقریب میں 2016اور2017 میں چار سالہ بی ایس کی ڈگری مکمل کرنے والی طالبات میں میڈلز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ صوبائی وزیر نے ڈگری حاصل کرنے والی طالبات کو مبارکباد دی۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر نے طلبا میں اسناد اور میڈلز تقسیم کئے جبکہ کالج پرنسپل حلیمہ آفریدی کی جانب سے صوبائی وزیر کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں