ضلعی انتظامیہ لاہور کا انسداد تجاوزات اور سرکاری زمین کی واگزاری کا آپریشن جاری

مختلف آپریشنز میں مجموعی طور پر216کنال زرعی زمین مالیت ساڑھے 10کروڑ روپے سے زائد کو واگزار

ہفتہ 1 دسمبر 2018 17:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2018ء) ضلعی انتظامیہ لاہور کا انسداد تجاوزات اور سرکاری زمین کی واگزاری کا آپریشن پوری تیزی کے ساتھ جاری ہے اور بھی اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنی حدود میں انسداد تجاوزات اور زمین واگزاری کے مختلف آپریشنز میں مجموعی طور پر216کنال زرعی زمین مالیت ساڑھے 10کروڑ روپے سے زائد کو واگزار کروالیا۔

تفصیلات کے مطابق تحصیل رائیونڈ کے موضع خود پور، مانگا اوتھڑ میں زمین واگزاری کا آپریشن جاری ہے اور اب تک 180کنال سرکاری اراضی واگزار کروا لی گئی ہے۔واگزار کروائی گئی زمین کی مالیت ساڑھے 06کروڑ روپے سے زائد ہے۔آپریشن کی نگرانی اے سی رائیونڈشاہد محبوب نے کی۔آپریشن میں ریونیو سٹاف اور پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

اسطرح تحصیل رائیونڈ کے مین بازار مانگا منڈی میں بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا۔

آپریشن کے دوران بازار میں تھڑوں ، شیڈز اورپختہ سٹرکچر ز کو مسمار کیا گیا۔آپریشن کی نگرانی اے سی رائیونڈ شاہد محبوب نے کی۔اسطرح تحصیل کینٹ کے موضع دھلہ کولہ میں بھی سرکاری زمین واگزاری کا آپریشن جاری ہے۔آپریشن کے دوران اب تک 36کنال سرکاری زمین کو واگزار کروا لیا گیاہے۔واگزار کروائی گئی زمین کی مالیت 04کروڑ روپے سے زائد ہے۔

آپریشن کی نگرانی اے سی کینٹ عمر حیات گوند ل نے کی۔ اسطرح مصطفی آباد اور دھرم پورہ میں بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جارہاہے۔ مصطفی آباد اور دھرم پورہ بازاروں میں تھڑوں ، شیڈز اورپختہ سٹرکچر ز کو مسمار کیا جارہے۔آپریشن کی نگرانی اے سی کینٹ عمر حیات گوندل کر رہے ہیں۔اے سی کینٹ نے کہا کہ آپریشن ابھی بھی جاری ہے اورآخری تجاوزات کے خاتمے تک کارروائی جاری رہے گی۔

ڈی سی لاہور صالحہ سعید نے تمام آپریشنز کو سراہا ہے۔علاوہ ازیں ڈی سی لاہور صالحہ سعید کی زیر صدارت انسداد تجاوزات کے حوالے سے ایک اجلاس ہوا۔اجلاس میں زون کے زید اوآرز نے شرکت کی۔ ڈی سی لاہور نے زیڈ او آرز کو تمام بازاروں سے تجاوزات کے خاتمے کی ہدایت کی۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ زیڈاوآرز دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر اور جرمانے کریں۔انہوں نے کہا کہ بازاروں میں عارضی تجاوزات ہرگز برداشت نہ کی جائے گی اور زیڈ او آرز کو فیلڈ میں نکلنے کی ہدایت کی۔ڈی سی لاہور صالحہ سعید نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی تجاوزات کے حوالے سے سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں