کے پی کے میں تیل و گیس کے ذخائرسے فائدہ اٹھاکر توانائی کی ضروریات کو پورا کیا جا سکتا ہے، رہنما یونائٹیڈ گروپ

اتوار 2 دسمبر 2018 12:10

لاہور۔02 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2018ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ کے رہنما داور خان اچکزئی نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں نو کھرب مکعب فٹ گیس اور پانچ سو ملین بیرل تیل کے ذخائر مدفون ہیںجن سے فائدہ اٹھایا جائے تو توانائی بالخصوص گیس کی ضروریات کو پورا کیا جا سکتا ہے،ان ذخائر سے فائدہ اٹھانے کیلئے سرمایہ کاری کی جائے تو معیشت ترقی کریگی جبکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہونگے۔

یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ان ذخائر سے مستفید ہونے سے نہ صرف مقامی گیس سستی ہو گی بلکہ قومی معیشت کی رفتار بھی بڑھے گی، انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا تیل کی کل پیداوارکا نصف اور گیس کی پیداوار کا دس فیصد فراہم کر رہا ہے اضافی گیس دیگر صوبوں کو بھی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ تین سو پچاس ٹن ایل پی جی کی پیداوار اس کے علاوہ ہے، تیل اور گیس کی پیداوار بڑھانا وقت کا تقاضا ہے تاکہ اقتصادی صورتحال بہتر ہوسکے، داور خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں تیل اور گیس کے تمام بلاکس کو فعال کرنے کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے تاکہ توانائی بحران کم کیا جا سکے،مذکورہ صوبے میں تیل و گیس کی دریافت کا تناسب بین الاقوامی اور ملکی اوسط سے بہت بہتر ہے جسکی وجہ سے امریکی، کویتی، چینی اور دیگر کمپنیاںسرمایہ کاری میں دلچسپی بھی رکھتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی جانب سے دہشتگردوں کیخلاف جاری آپریشن کی وجہ سے سکیورٹی کی صورتحال بہت بہتر ہوگئی ہے جو کہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے بہت حوصلہ افزاء ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں