فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لیے علی ہجویری کی تعلیمات سے راہنمائی کی از حد ضرورت ہے‘سعیدا لحسن شاہ

صوبہ بھر کے محکمہ اوقاف کے زیر کنٹرول تمام درباروں کی تزین و آرائش بارے احکامات دے گئے ہیں‘صوبائی وزیر اوقاف

اتوار 2 دسمبر 2018 15:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعیدالحسن شاہ نے کہا ہے کہ فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لیے علی ہجویری کی تعلیمات سے راہنمائی کی از حد ضرورت ہے۔ داتا صاحب کے افکار اسلامی علوم و معارف کا خزانہ اورآپ کا آستاں روحانی فیوض کا مرکز ہے ۔ کشف المحجوب شریعت و طریقت کے مضامین سے آراستہ ہے۔

حضرت داتا گنج بخشؒ نے صوفیانہ افکار و تعلیمات کو مکمل طورپر احکامِ شریعت کے نہ صرف تابع قراردیا بلکہ تصوف کو شریعت کا امین اور نگہبان بنا کر پیش کیا اور یوں برصغیر میں ایک ایسے اسلامی مکتبِ تصوف کی بنیاد رکھی جِس کی بلندیوں پر ہمیشہ شریعت و طریقت کا پرچم لہراتا رہے گا۔ ایک ہزار سال قبل ہند کی سرزمین میں حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری ؒ نے حرفِ حق کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی وحدانیت ، نبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی رسالت اور اسلام کی حقانیت کا جو بیج بویا ،وہ اللہ تعالیٰ کی تائیدنصرت سے ایک ایسا تناور درخت بن گیا جِس کی جڑیںاس سرزمین میں نہایت مضبوط ہوگئیں اور شاخیں وسیع فضاؤں میں پھیل گئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے محکمہ اوقاف کے زیر کنٹرول تمام درباروں کی تزین و آرائش بارے احکامات دے گئے ہیں۔جبکہ ان درباروں کے ارد گرد کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں پر سخت نکاہ رکھنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ درباروں پر رکھے گئے تمام نذرانہ بکسوں کی حفاظت بارے بھی احکاما ت جاری کردئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام درباروں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کرنے کے ہدایت کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی طرف سے درباروں پر تعینات اوقاف عملہ کی بھی شکایت پر فوری ایکشن لینے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔حکومت نے زائرین کو ہر قسم کی سہولیات مہیا کرنے کے لئے تیز تر اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔اس سلسلے میں لاہور بھر کے بعد دیگر شہروں میں بھی شیلٹرز ہوم کا دائرہ کار وسیع کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں