محکمہ اوقاف کے زیر کنٹرول تمام درباروں کی تزین و آرائش بارے احکامات جاری

فلاحی معاشرے کی تشکیل کیلئے حضرت علی ہجویریؒ کی تعلیمات سے رہنمائی کی از حد ضرورت ہے، پیر سید سعیدالحسن شاہ

اتوار 2 دسمبر 2018 17:10

لاہور۔2 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعیدالحسن شاہ نے کہا ہے کہ فلاحی معاشرے کی تشکیل کیلئے حضرت علی ہجویریؒ کی تعلیمات سے رہنمائی کی از حد ضرورت ہے، داتا صاحب کے افکار اسلامی علوم و معارف کا خزانہ اورآپ کا آستاں روحانی فیوض کا مرکز ہے ، کشف المحجوب شریعت و طریقت کے مضامین سے آراستہ ہے، حضرت داتا گنج بخشؒ نے صوفیانہ افکار و تعلیمات کو مکمل طورپر احکامِ شریعت کے نہ صرف تابع قراردیا بلکہ تصوف کو شریعت کا امین اور نگہبان بنا کر پیش کیا اور یوں برصغیر میں ایک ایسے اسلامی مکتبِ تصوف کی بنیاد رکھی جِس کی بلندیوں پر ہمیشہ شریعت و طریقت کا پرچم لہراتا رہے گا، ایک ہزار سال قبل ہند کی سرزمین میں حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری ؒ نے حرفِ حق کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی وحدانیت ، نبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی رسالت اور اسلام کی حقانیت کا جو بیج بویا ،وہ اللہ تعالیٰ کی تائید نصرت سے ایک ایسا تناور درخت بن گیا جِس کی جڑیںاس سرزمین میں نہایت مضبوط ہوگئیں اور شاخیں وسیع فضاؤں میں پھیل گئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے محکمہ اوقاف کے زیر کنٹرول تمام درباروں کی تزین و آرائش بارے احکامات دیئے گئے ہیں، جبکہ ان درباروں کے ارد گرد کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں پر سخت نکاہ رکھنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ درباروں پر رکھے گئے تمام نذرانہ بکسوں کی حفاظت بارے بھی احکاما ت جاری کردیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام درباروں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کرنے کے ہدایت کر دی گئی ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کی طرف سے درباروں پر تعینات اوقاف عملہ کی بھی شکایت پر فوری ایکشن لینے کی ہدایت کر دی گئی ہے، حکومت نے زائرین کو ہر قسم کی سہولیات مہیا کرنے کیلئے تیز تر اقدامات شروع کر دیئے ہیں، اس سلسلے میں لاہور بھر کے بعد دیگر شہروں میں بھی شیلٹرز ہوم کا دائرہ کار وسیع کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں