سورج مکھی کی منافع بخش کاشت کسان کی خوشحالی کی ضامن ہے، کاشتکار حکومتی سبسڈی سے بھرپور فائدہ اٹھائیں،ترجمان محکمہ زراعت پنجاب

منگل 4 دسمبر 2018 19:20

لاہور۔4 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2018ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ سورج مُکھی کا شمار اہم خوردنی تیلدار اجناس میں ہوتا ہے، سورج مُکھی کی فصل خوردنی تیل کی ملکی پیداوار بڑھانے میں اہم کردار اداکرسکتی ہے کیونکہ اس کے بیج میں اعلیٰ قسم کا تقریباًً 40-45فیصد تیل ہوتا ہے، مزیدبرآں اس کے تیل میں انسانی صحت کے لئے ضروری وٹامن'ای'، 'بی'اور 'کی'پائے جاتے ہیں، اس فصل کا دورانیہ تقریباًً 100سے 125دن ہوتا ہے اور کم مدت کی فصل ہونے کی وجہ سے اسے بڑی فصلوں کے درمیانی عرصہ میں بآسانی کاشت کیا جاسکتا ہے،بھاری میرا زمین سورج مکھی کی کاشت کے لئے بہت موزوں ہے، سیم زدہ اور بہت ریتلی زمین اس کے لئے موزوں نہیں ہے، امسال حکومت پنجاب کی طرف سے رجسٹرڈ کسانوں کو سورج مکھی کی کاشت پر بذریعہ واؤچر 5000روپے فی ایکڑ سبسڈی فراہم کی جائے گی،کاشتکار سورج مکھی کی بوری سے ملنے والے واؤچر کا نمبر اپنے شناختی کارڈ کے ہمراہ 8070پر بھیجیں گے اور تصدیقی SMSموصول ہونے پر قریبی موبائل شاپ سے فوری 1000روپے حاصل کریں گے جبکہ بقایا رقم4000 روپے فصل کی کٹائی پر موصول ہونے والے SMSکی بنیاد پر حاصل کرسکیں گے، سورج مکھی کی منافع بخش کاشت سے نہ صرف کسان خوشحال ہو گا بلکہ خوردنی تیل کی ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ کثیر زر مبادلہ کے حصول سے ملکی معیشت مستحکم ہو گی، حکومت پنجاب اور اے پی ایس ای اے (آل پاکستان سولونٹ ایکسٹریکٹرایسوسی ایشن)کے مشترکہ تعاون سے علاقائی سطح پر فصل کی خریداری کے مراکز کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہیتاکہ کاشتکاروں کیلئے آسانی پیدا کی جا سکے،ترجمان نے مزید بتایا کہ پاکستان ہر سال300 ارب روپے کا خوردنی تیل درآمد کرتا ہے جو کہ ملکی معیشت پر ایک بوجھ ہے،اس سبسڈی سکیم کے نتیجے میں تیل دار اجناس کی کاشت میں اضافہ ہوگا جس سے ملکی درآمدی بل میں کمی آئے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں