خدمت خلق میں ہی معراجِ انسانیت ہے، عوام کو صحت اور تعلیم کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، گورنر پنجاب

بدھ 5 دسمبر 2018 18:50

لاہور۔5 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ خدمت خلق میں ہی معراجِ انسانیت ہے، جو لوگ دکھی انسانیت کی خدمت اور عوامی فلاح کیلئے کام کرتے ہیں وہ تاریخ میں زندہ رہتے ہیں، اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں غیر سرکاری تنظیموں(این جی اوز) کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کیا، گورنر پنجاب نے کہا کہ عوام کو صحت اور تعلیم کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اُنہوں نے کہا کہ حکومت شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی ، ہیپاٹائٹس کے خاتمے اور دیگر شعبوں میں ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، اُنہوں نے کہا کہ ملک بھر میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیمیں (این جی اوز) کا کردار قابل تحسین ہے، اُنہوں نے کہا کہ حکومت غیر سرکاری تنظیموں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے، گورنر نے کہا کہ اگرفلاحی تنظیمیں حکومت کے ساتھ مل کر ایک پلیٹ فارم پرعوامی فلاح و بہبود لئے کام کریں تو عوام کے لئے زیادہ فائدہ مند ثابت ہوگا، اُنہوں نے کہا کہ بلاشبہ ہمارے ملک میں خدمت انسانیت کا جذبہ رکھنے والوں کی کمی نہیں اور آج بھی سینکڑوں کی تعداد میں مخیر حضرات دل کھول کر انسانیت کی خدمت کررہے ہیں، اس موقع ڈاکٹر امجد ثاقب کی سربراہی میں 7رُکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جو کہ این جی اوز کے کام کو رجسٹرڈ کریگی اور ان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنی سفارشات مرتب کریگی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں