خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی عبوری ضمانت میں 11 دسمبر تک توسیع ، لاہور ہائیکورٹ نے نیب کو ممکنہ گرفتاری سے روک دیا

بدھ 5 دسمبر 2018 22:20

لاہور۔5 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے رکن قومی اسمبلی و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی رکن پنجاب اسمبلی سلمان رفیق کی عبوری ضمانت میں 11 دسمبر تک توسیع کرتے ہوئے نیب کو دونوں کی ممکنہ گرفتاری سے روک دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ چیئرمین نیب نے دونوں فریقین کو سن لیا ہے اور آئندہ ایک دو روز میں اس حوالے سے فیصلہ کرلیا جائے گا۔

(جاری ہے)

عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے کہا کہ دونوں کے وارنٹ گرفتاری کو عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنائیں، گزشتہ سماعت پر بھی آپ نے اسے عدالتی ریکارڈ کا حصہ نہیں بنایا تھا۔عدالت نے سعد رفیق اور سلمان رفیق کی عبوری ضمانت میں 11دسمبر تک توسیع کردی اور نیب کو حکم دیا ہے کہ دونوں کو آئندہ سماعت تک گرفتار نہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے خلاف نیب میں پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کی تحقیقات جاری ہیں اور اس میں ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں